خضدار،پولیو ورکرز کی خدمات محنت اور ان کی جدوجہد ناقابل فراموش ہیں،میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی

ہفتہ 18 فروری 2023 21:20

۵ خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2023ء) ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی نے کہاہے کہ پولیو ورکرز کی خدمات محنت اور ان کی جدوجہد ناقابل فراموش ہیں وہ پوری قوم کو ایک مرض سے نجات دلانے کے لئے حالات وموسم کی پرواہ کئے بغیر ہمیشہ فرنٹ لائن پر کردار ادا کرتے رہے ہیں اور نامساعد حالات کے باوجود بھی وہ اس قومی مہم سے پیچھے نہیں ہٹے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج ہم اس موذی مرض سے نجات کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

پولیو ورکرز سے تعاون ان کا حق اور ان کی محنت کا نتیجہ ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں سہیل الرحمن ) کانفرنس ہال خضدار میں ڈسٹرکٹ کے گزشتہ سیلا ب سے متاثرہ پولیو ورکرز میں سیلاب ریلیف فنڈز کے چیکس تقسیم کرنے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیاجہاں بل گیٹس فنڈ، ای او سی اور ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے چالیس لاکھ روپے کی رقم خضدار کے پولیو ورکرز میں تقسیم کردی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرنال اکبر علی مزار زئی اے ڈی سی جی خضدار سراج بلوچ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار وڈیرہ محمد صالح جاموٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خضدار ڈاکٹر بشیراحمد بنگلزئی ڈاکٹر نصر ت ڈاکٹر شفیع دانش ڈاکٹر عبدالصمد انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمید اللہ منگل سمیت دیگر موجود تھے جنہوں نے میل و فیمیل خواتین ہیلتھ ورکرز میں نقدی رقم تقسیم کی۔

ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی نے کہاکہ یہ رقم پولیو ورکرز کی خدمات اور ان کے متاثر ہونے کے لحاظ سے محدود ہے تاہم اس کے باوجود ان کی حوصلہ افزائی کے لئے یہ اہم قدم ہے ہم ان اداروں کا شکریہ اداکرتے ہیں کہ جنہوں نے خضدار کے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔یہ وہ پولیو ورکرز ہیں کہ جوخضدار کے دور دراز پہاڑی علاقوں وادیوں اور قصبوں تک جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتے ہیں اور اپنا فرض نبہاتے ہیں دیگر عام شہریوں کی طرح یہ پولیو ورکرز بھی گزشتہ سال ہونے والے سیلاب سے متاثر ہوئے تھے اور آج ان سے تعاون کیا گیا۔