وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے عوام کی فلاح کو اولین ترجیح سمجھا ، مشیر وزیراعظم امیر مقام کا کاٹلنگ میں ورکرز کنونشن سے خطاب

منگل 21 فروری 2023 22:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2023ء) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی و عوامی امور، قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)نے ماضی میں بھی کاٹلنگ کے عوام کے لیے سوئی گیس پائپ لائن منصوبے کی منظوری دی تاکہ یہاں کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے کاٹلنگ میں منعقدہ ورکرز کنونشن کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے صوبے بھر میں ایسے بیشتر ترقیاتی منصوبوں کو زیر التوا رکھا مگر وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے عوام کی فلاح کو اولین ترجیح سمجھا اور آج کاٹلنگ کے عوام کے لیے یہ تحفہ لائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ رحیم اللہ یوسفزئی (مرحوم) کی کوششوں کے نتیجے میں قائد نواز شریف نے خود منظور کروایا اور اس پر کام شروع کیا مگر پی ٹی آئی نے اس پر کام بند کروا کر عوام کو اس تحفے سے محروم کر دیا لیکن بہت جلد کاٹلنگ کےعوام اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نےمزید کہا کہ ملک میں تمام لوگوں کے لیے ایک جیسا قانون ہونا چاہیے، جیلوں میں موجود قیدیوں میں مایوسی پھیل گئی اور رات آٹھ بجے کسی فردِ واحد کی حاضری کے لیے اعلیٰ عدالت کا کھلنا قابل افسوس ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج عوام کو جس مہنگائی کا سامنا ہے وہ عمران اور اس کے نااہل ٹولے کا ہی کارنامہ ہے،عمران کو اپنے جھوٹے بیانیوں کا حساب دینا ہوگا جو پہلے امریکی سازش کا چرچا کرتے تھے اور آج کہتے ہیں کہ کوئی سازش نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اب خیبر پختونخوا عوام کو مسلم لیگ ن کو آزمانا چاہیے جنہوں نے بغیر مینڈیٹ کے ان کا مقدمہ لڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز 15 مارچ کو تخت بھائی، مردان میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ورکرز کنونشن کے دوران جمعیت علمائے اسلام سے صاحبزادہ افتخار باچہ، عوامی نیشنل پارٹی سے رفیع للہ اور ڈاکٹر بہادر سید نے ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔

انجینئر امیر مقام نے اپنے خطاب سے پہلے تحصیل کاٹلنگ کے 26 گائوں میں سوئی گیس ڈسٹریبیوشن نیٹ ورک اور سپلائی کے منصوبوں کا افتتاح کیا جن میں شموزو، بابوزئی، میاں خان/سنگائو، عالم گنج، چر چوڑ/ڈھیری/لکپانی قاسمی/تازه گرام/سروبی، مددخان بانڈہ، اَلو/ شاه آباد، جنگا، خان شریف بانڈہ/استمبول بانڈہ، بہار بانڈہ غنڈو چوک/حجیان/اِنزرگے/سواتیان، غالہ/پیرانو کلے اور لنڈے شاہ/ پرانا متہ شامل ہیں۔