پروفیسر قادر خان مندوخیل کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین کا اجلاس،عدم حاضری اور کمیٹی کو مس گائیڈ کر نے پر دوافسران کو شوکاز نوٹس جاری

بدھ 1 مارچ 2023 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2023ء) قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین کا اجلاس بدھ کو پروفیسر ڈاکٹر قادر خان مندوخیل کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار سے پاکستان سٹیل مل کے چیف ایگزیکٹیو سیف الدین جونیجو کی عدم حاضری بارے سوال کیا گیا تو افسران کے پاس کوئی جواب نہیں تھا جس پر کمیٹی نے عدم حاضری پر چیف ایگزیکٹو آفیسر سٹیل مل کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

کمیٹی نے پی ایس ایم سے کمیٹی کے احکامات پر عملدرآمد رپورٹ طلب کی جس کاافسران کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ چیئرمین کمیٹی نے افسران پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے علم میں ہے کہ 12 سو سے زائد ملازمین اس وقت گولڈن ہینڈ شیک کے خلاف کورٹ میں ہیں اور 2 ہزار سے زائد ملازمین بے بسی کی حالت میں گولڈن ہینڈ شیک کو قبول کر چکے ہیں،کچھ لوگوں کو دوران انکوائری ہی نوکری سے نکال دیا گیا ہے،افسران کے پاس ان تمام سوالات کا کوئی جواب نہیں تھا۔

(جاری ہے)

چیئرمین کمیٹی نے کمیٹی کو مس گائیڈ کرنے اور سابقہ احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی وجہ سے ایڈیشنل سیکرٹری ہارون رفیق کو شوکاز جاری کر دیا۔ کمیٹی نے ڈی جی ایف آئی اے کو حکم دیا کہ 10 ارب روپے چوری والے کیس کی مکمل انکوائری رپورٹ دی جائے، کمیٹی نے ہدایت کی کہ پی ایس ایم کے1200 کورٹ کیس والے ملازمین کو بحال کیا جائے جو ملازمین گولڈن ہینڈ شیک لے گئے ان کے مسائل حل کرنے کا حکم دیا گیا۔

ہائوسنگ سکیم کیلئے یونین اور سٹیل مل انتظامیہ کے مابین 2012 میں کئے گئے معاہدہ پر عملدرآمد کیا جائے ۔سابق وزیر صنعت و پیداوار کی جانب سے میڈیا پر بیانات کا نوٹس لیا جائے جس میں عوام کو گمراہ کیا گیا۔دوران انکوائری نکالے گئے ملازمین کی دوبارہ انکوائری کھولنے کاکمیٹی نے حکم دیا کہ 21 دسمبر 2022 والی میٹنگ کے احکامات اور آج کے جاری کئے گئے احکامات پر عمل کر کے کل 2 بجے کمیٹی کو رپورٹ دی جائے۔