زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں جاری آٹھ روزہ رنگا رنگ جشن بہاراں دوسرے دن بھی شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا

افراد کی ایک بڑی تعدادنے موسم بہار کے رنگوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے یونیورسٹی کا رخ کیا

جمعہ 3 مارچ 2023 12:52

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں جاری آٹھ روزہ رنگا رنگ جشن بہاراں دوسرے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ2023ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں جاری آٹھ روزہ رنگا رنگ جشن بہاراں دوسرے دن بھی شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا رہاجس میں افراد کی ایک بڑی تعدادنے موسم بہار کے رنگوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے یونیورسٹی کا رخ کیا۔ کیلیفورنیا کے پارلیمنٹیرینز جس کی قیادت کرس ہولٹن اور آصف محمود،سیکرٹری پنجاب زراعت واصف خورشید، یو ایس کونسلیٹ سے کیتھلین گیبلسکو،زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی زرعی سائنسدان ڈاکٹر نینسی ایلن،سابق وفاقی وزیربرائے فوڈ سکیورٹی فخر امام نیسلے کے سی ای او یاور علی،زرعی یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف علی،ترقی پسند کاشتکار آفاق ٹوانہ،ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹرمحمد سر ور خاں و دیگر نے گڑ میلہ، زرعی نمائش،بھینسوں کے خوبصورتی اور دودھ کے مقابلہ جات کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

امریکی وفد نے زرعی یونیورسٹی میں قائم مرکز برائے اعلیٰ تعلیم کے سائنسدانوں کے ساتھ نیو سینیٹ ہال میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ مرکز برائے اعلیٰ تعلیم کے تحت گندم، سویا بین،کپاس،چنے اور دیگر اجناس کی زیادہ پیداوار کی حامل اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی نئی اقسام پر کام تیزی سے جاری ہے جس کے جلد مثبت نتائج مرتب ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ مرکز برائے اعلیٰ تعلیم کا قیام امریکہ کی مالی و تحقیقی معاونت سے عمل میں لایا گیا تھا۔انہوں کہا کہ اس مرکز کے تحت زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے نا صرف تحقیق بلکہ آؤٹ ریچ اور پالیسی کے حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس مرکز میں امریکی تعاون کو بحال کیا جائے تو اس سے ملکی سطح پر زراعت کو درپیش مسائل اور فوڈ سکیورٹی کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ڈین اینیمل ہسبنڈری ڈاکٹر قمر بلال نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں منعقدہ بھینسوں کے دودھ اور خوبصورتی کے مقابلہ جات بہترین نسلوں کو پروان چڑھایا جا سکے گا تاکہ فی جانور دودھ کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔