Live Updates

"اے میری زمیں افسوس نہیں، جو تیرے لیے سو درد سہے، محفوظ رہے تیری آن سدا، چاہے جان یہ میری رہے نہ رہے"

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مبینہ طور پر پولیس کے ہاتھوں پارٹی کے جاں بحق کارکن علی بلال کیلئے نغمہ شیئر کر دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 11 مارچ 2023 00:49

"اے میری زمیں افسوس نہیں، جو تیرے لیے سو درد سہے، محفوظ رہے تیری آن سدا، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مارچ2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں ریلی کے دوران جاں بحق ہونے والے کارکن کے نام سوشل میڈیا پر ایک نغمے کی ویڈیو جاری کردی۔

عمران خان نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ میں یہ نغمہ شہید علی بلال، جسے پیار سے ظلِ شاہ کے عُرف سے جانا جاتا تھا، سے منسوب کرتا ہوں۔

وہ ایک مخصوص انداز میں اپنے وطن سے محبت کرتاتھا۔ دورانِ حراست تشدد سے اسکی اذیت ناک موت ان پستیوں کو ظاہر کرتی ہے جن میں ہماری کرپٹ،بےرحم اور ظالم مقتدر اشرافیہ اتر چکی ہے۔
عمران خان نے اپنے ایک اور ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ رب العزت کی عظیم ترین تخلیق یعنی انسان جب گرتا ہے تو حیوانات تک کو پیچھے چھوڑ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

وہ وحشی جنہوں نے تشدد سے ہمارے ظلِ شاہ (علی بلال) کی جان لی، درندوں سےبھی بدتر ہیں۔ انہوں نےنفسیاتی طور پر مجہول اور دماغی خلل کےشکار ایک شخص کی نگرانی میں اعظم سواتی،شہباز گِل اور بہت سے
سیاسی کارکنان کو زیرِحراست تشدد کانشانہ بنایا۔ دورانِ حراست تشدد کی اس رسمِ بد کےخاتمےکیلئےہماری عدلیہ کب حرکت میں آئےگی کیونکہ یہ تشدد ہمارےآئین ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر ہماری قانونی ذمہ داریوں سے بھی متصادم ہےکیونکہ پاکستان بطور ریاست تشدد کےخلاف عالمی کنونشن کاحصہ ہے۔

جبکہ
پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈیا گروپ اردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے جاں بحق کارکن علی بلال کے والد کا کہنا ہے کہ کل بیٹے سے بات ہوئی تھی اس نے کہا پولیس نے مجھے پکڑ لیا ہے والدہ کو کہہ دیں فکر نہ کریں، پھر اس کال کے صرف آدھے گھنٹے بعد ہی خبر آ گئی کہ بیٹا جاں بحق ہو گیا۔ عمران خان نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ بھرپور معاونت کریں گے۔

تحریک انصاف کے کئی رہنما گھر آئے تھے، میں کسی قسم کی مالی معاونت نہیں چاہتا، بیٹے کو انصاف ملنا ناممکن ہے، ملک کے جیسے حالات ہیں ممکن ہی نہیں کہ ہمیں انصاف مل جائے۔

جبکہ اردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے علی بلال کی خاتون رشتہ دار نے بتایا کہ یہ بچہ کسی کو کچھ نہیں کہتا تھا، یہ ایک معصوم بچہ تھا جس کا ذہنی توازن بھی ٹھیک نہیں تھا۔

علی بلال ہمدرد اور احساس مند بچہ تھا، یہ کسی حکمران کا بیٹا مرتا تو پتہ چلتا ایک ماں کا درد کیا ہوتا ہے، جب اسے مارا جا رہا تھا تب کسی نے آگے بڑھ کر اسے نہیں بچایا۔ دوسری جانب علی بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی۔ دنیا نیوز کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں علی بلال پر تشدد کی تصدیق ہو گئی، علی بلال کی موت دماغ میں گہری ضرب آنے کے بعد خون زیادہ بہنےسے ہوئی، مقتول علی بلال کے جگر اور لبلبہ میں خون جمع ہونا بھی موت کی وجہ بنا۔ رپورٹ کے مطابق دماغ میں خون جمع ہونے سے علی بلال کا بلڈ پریشر انتہائی کم ہو گیا تھا، ان کے جسم کے حساس اعضاء پر بھی تشدد کیا گیا، علی بلال کی کھوپڑی کا ایک حصہ بری طرح سے متاثر ہوا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات