علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز کردیا

منگل 14 مارچ 2023 13:23

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2023ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے موسم بہار کی شجر کاری مہم سال 2023کا آغاز کردیا۔ وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹرناصر محمودنے خوبانی کاپودا لگا کر مہم کا افتتاح کردیا، پودے لگانے کی افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی کے رجسٹرار، راجہ عمر یونس، ڈینز، پرنسپل افسران اور فیکلٹی ممبران موجود تھے۔

اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹرناصر محمودنے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر پودے لگانا ملک کی اہم ترین ضرورت بن گئی ہے اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ہر سال بہار اور خزاں دونوں موسموں میں نہ صرف یونیورسٹی کے مین کیمپس میں بلکہ ملک بھر میں قائم یونیورسٹی کے 54علاقائی دفاتر میں بھی سینکڑوں پودے لگا کراس ضرورت کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پودے لگانا اور اسکی حفاظت کرنا صدقہ جاریہ ہے۔ڈاکٹرناصر محمود نے کہا کہ سرسبز پاکستان ایک قومی مشن ہے اور ہدف کے حصول کے لئے ہم سب نے مل کر کام کرنا ہوگا۔ شعبہ زرعی سائنس کے چئیرمین، پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد نے شجر کاری مہم پر وائس چانسلر کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال یونیورسٹی نے 1600مختلف اقسام کے پودے لگائے تھے جبکہ آج 600پودے لگائے جارہے ہیں جن میں آلوبخارہ، ناشپاتی، خوبانی، آڑو، لیمن، کینو اور خان پور کے مالٹے کے پودے شامل ہیں۔

تمام شعبہ جات کے صدور، چئیرمین، چئیرپرسنز اور پرنسپل افسران نے پودے لگانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔پودے لگانے کے بعد یونیورسٹی کی ترقی، پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لئے دعا کی گئی۔ڈاکٹر ناصرمحمود نے کہا کہ طلبہ کو خوشگوار ماحول فراہم کرنا، یونیورسٹی کو پھولوں اور پودوں سے سجانے کا کریڈ ٹ یونیورسٹی کے مالیوں کو جاتا ہے۔