وزیر اعظم نے قاضی عبدالرحمن امرتسری کے ورثاء کو سی ڈی اے کی تجویز پر پارک انکلیو اسلام آباد میں پلاٹ کا الاٹمنٹ لیٹر پیش کر دیا

جمعہ 17 مارچ 2023 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2023ء) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کا نام تجویز کرنے والے قاضی عبدالرحمن امرتسری کی خدمات کا قومی سطح پر اعتراف میںورثاء کو سی ڈی اے کی تجویز پر پارک انکلیو اسلام آباد میں پلاٹ کا الاٹمنٹ لیٹر پیش کر دیا۔ جمعہ کو وزیرِ اعظم نے اسلام آباد کا نام تجویز کرنے والے قاضی عبدالرحمن امرتسری مرحوم کی پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کا ان سے کیا ہوا وعدہ پور کر دیا۔

وزیرِ اعظم نے قاضی عبدالرحمن امرتسری کے ورثاء کو سی ڈی اے کی تجویز پر پارک انکلیو اسلام آباد میں پلاٹ کا الاٹمنٹ لیٹر پیش کر دیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ قاضی عبدالرحمن امرتسری کی پاکستان کیلئے خدمات نا قابلِ فراموش ہیں،ایسی قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں جو اپنے محسنوں کو فراموش کر دیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہاکہ اسلام آباد کو اسلام آباد کی پہچان دینے والے اسکول ٹیچر قاضی عبدالحمن امرتسری کو قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

وزیر اعظم نے سی ڈے حکام کو آئندہ 24 گھنٹے میں باقی کی کاروائی مکمل کرکے ورثاء کو پلاٹ کا قبضہ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔وزیر اعظم نے میڈیا خاص طور پر حامد میر کو اس امر کی نشاندہی کرنے پر سراہا،وزیر اعظم نے چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل کی کوششوں کو بھی سراہا۔