gسعودی عرب اور روس کی اوپیک پلس کے فیصلے کی پھرتائید

سعودی وزیرتوانائی اور روسی نائب وزیر اعظم کی ملاقات، یومیہ 2 ملین بیرل پیدوار میں کمی سے اظہار وابستگی

ہفتہ 18 مارچ 2023 18:10

ج*ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2023ء) سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے ریاض میں روسی نائب وزیراعظم اور مشترکہ کمیٹی میں روسی فریق کے سربراہ الیگزینڈر نوواک سے ملاقات کی۔ الیگزینڈر نوواک ان دنوں سعودی عرب کے دورہ پر ہیں۔ دونوں رہنمائوں کی بات چیت میں مشترکہ کمیٹی کے اگلے اجلاس کی تیاری موضوع سخن رہی۔

(جاری ہے)

مشترکہ کمیٹی کے کام کے فریم ورک کے اندر رہ کر سعودی عرب اور روس کے تعلقات کو فروغ دینے پر بھی گفتگو کی گئی۔انہوں نے تیل کی عالمی منڈی کے حالات اور مارکیٹ میں استحکام اور توازن برقرار رکھنے کے لیے اوپیک پلس گروپ کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے گزشتہ اکتوبر میں اوپیک پلس کی جانب سے پیداوار میں 2023 تک کے آخر تک یومیہ دو ملین بیرل کمی کے فیصلے کے لیے دونوں ملکوں کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ دونوں رہنماں نے عالمی منڈی کے استحکام اور توازن کو بڑھانے کے لیے اوپیک پلس گروپ کے فریم ورک کے اندر رہ کر آپسی تعاون کو جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔