کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرنے پر’’او آئی سی‘‘ کا شکریہ

کشمیری حریت قیادت مسلسل تنازعہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کر رہی ہے جس سے جنوبی ایشیا میں امن کو شدید خطرہ لاحق ہے، محمود احمد ساغر

ہفتہ 18 مارچ 2023 18:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2023ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرنے پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کا شکریہ ادا کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ موریطانیہ کے شہر Nouakchottمیں او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حوصلے بلند کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے اور تنازعہ کشمیر کے حل کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر او آئی سی کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری حریت قیادت مسلسل تنازعہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کر رہی ہے جس سے جنوبی ایشیا میں امن کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری اس معاملے کی حساسیت کا احساس کرتے ہوئے اس حوالے سے اقدامات کرے گی۔

یا درہے کہ او آئی سی کے رابطہ گروپ نے Nouakchott میں اپنے اجلاس میں منظور کیے گئے مشترکہ اعلامیے میں مقبوضہ جموںوکشمیرکی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ گروپ نے جموں و کشمیر کے تنازعہ پر او آئی سی کے موقف کی توثیق کی اور 5 اگست 2019 کے بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو پھر سختی سے مسترکیا۔ رابطہ گروپ نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اور رکن ملکوں سے عالمی فورموں پر کشمیر کے منصفانہ کاز کے لیے اپنی آواز بلند کرنے کی درخواست کی۔

رابطہ گروپ نے بھارت سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرنے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔