Live Updates

عمران خان کا گھر پر سرچ آپریشن کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

بشریٰ بی بی گھر پر اکیلی تھیں جو کہ مکمل طور پرغیرسیاسی خاتون ہیں، یہ چادر اور چاردیواری کی حرمت کے اسلامی اصول کی خلاف ورزی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 18 مارچ 2023 23:13

عمران خان کا گھر پر سرچ آپریشن کیخلاف عدالت جانے کا اعلان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 مارچ 2023ء ) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے گھر پر سرچ آپریشن اور عملے پر تشدد کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق عمران خان نے کہا کہ بشریٰ بی بی گھر پر اکیلی تھیں جو کہ مکمل طور پرغیرسیاسی خاتون ہیں، یہ چادر اور چاردیواری کی حرمت کے اسلامی اصول کی خلاف ورزی ہے۔

اپنے بیان میں عمران خان کا کہنا تھاکہ آج میرےگھرپرحملہ سب سے پہلے توہین عدالت تھا، ہم نےاتفاق کیا تھا سرچ وارنٹ کیلئے ایس پی ہمارےایک فرد سے رابطے میں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کس قانون کے تحت گیٹ توڑا، درخت اکھاڑ پھینکے، کس قانون کے تحت وہ گھر میں بھاری ہتھیاروں سے لیس ہوکر گھسے؟ یہ سب اس وقت کیا گیا جب میں اسلام آباد عدالت میں پیشی کیلئے روانہ ہوا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ بشریٰ بی بی گھر پر اکیلی تھیں جو کہ مکمل طور پرغیرسیاسی خاتون ہیں، یہ چادر اور چاردیواری کی حرمت کے اسلامی اصول کی خلاف ورزی ہے، میں اس توہین کے معاملے، گھر کے تقدس کی پامالی اور گھریلو عملے پر تشدد کا معاملہ عدالت لےجا رہا ہوں۔ دوسری جانب زمان پارک میں پولیس آپریشن کیخلاف عمران خان کی ہمشیرہ بھی چپ نہ رہیں،ڈاکٹر عظمٰی نے اردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھر میں عورتوں اور بچوں کے سوا کوئی نہیں،اب دیکھتے ہیں قانون کیا کرتا ہے؟ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی زمان پارک میں موجود ہیں۔

عمران خان کی آپ لوگوں نے قدر نہیں کی،بہت افسوس ہو رہا ہے ہمارے لوگوں نے ہمارے ساتھ یہ کیا۔ عمران خان کی ہمشیرہ نے دعویٰ کیا کہ میرے شوہر کو بھی گرفتار کر لیا گیا،میں نے سرچ وارنٹ دکھانے کی ڈیمانڈ کی لیکن ان کے پاس کوئی سرچ وارنٹ نہیں تھا۔ قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ زمان پارک میں میرے گھر پر حملہ کیا جہاں بشریٰ بیگم اکیلی تھیں،یہ کس قانون کے تحت کر رہے ہیں؟ اب یہ واضح ہے کہ میرے تمام مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے باوجود پی ڈی ایم حکومت مجھے گرفتار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ان کے مذموم عزائم کو جاننے کے باوجود میں اسلام آباد اور عدالت کی طرف جا رہا ہوں کیونکہ میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں۔ لیکن بدمعاشوں کے اس ناپاک عزائم سب پر عیاں ہوں گے۔ اب یہ بھی ظاہر ہے کہ لاہور کا سارا محاصرہ کسی مقدمے میں میری عدالت میں حاضری کو یقینی بنانا نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد مجھے جیل بھیجنا تھا تاکہ میں اپنی انتخابی مہم کی قیادت نہ کر سکوں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات