چیئرمین سینیٹ کی پی ایس ایل فائنل میں کامیابی پر لاہور قلندرز اور پی سی بی کو مبارکباد

اتوار 19 مارچ 2023 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2023ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے فائنل میں شاندار فتح پر لاہور قلندرز کی کرکٹ ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی ٹیم ورک، مہارت اور استقامت کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث بالآخر انہونےں پی ایس ایل کی ٹرافی حاصل کی۔

چیئرمین نے لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی اور پاکستان بھر کے کرکٹ شائقین کو خوشی اور جوش دلانے پر ان کی تعریف کی۔ علاوہ ازیں چیئرمین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد میں شامل تمام افراد کو بھی مبارکباد دی۔ چیلنجز کے باوجود بغیر کسی رکاوٹ کے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے پی سی بی اور اس کی ٹیم کی سخت کاوشیں واقعی قابل تعریف ہیں۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد نے نہ صرف پاکستان بھر سے کرکٹ کے شائقین کو اکٹھا کیا ہے بلکہ بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے لیے ایک محفوظ مقام کے طور پر ملک کے امیج کو بھی فروغ دیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے زور دے کر کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی عوام کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم ہے۔ پاکستانی عوام نے کرکٹ کے لیے جس جذبے اور محبت کا مظاہرہ کیا وہ واقعی بے مثال ہے۔

پی ایس ایل نے نہ صرف نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے بلکہ اس نے لاکھوں پاکستانیوں کے لیے تفریح اور تحریک کا ذریعہ بھی بنایا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کامیابی قوم کے نوجوانوں کو عزم اور استقامت کے ساتھ اپنے خوابوں اور امنگوں کو آگے بڑھانے کی تحریک دے گی۔