ریس کو دنیا بھر سے لاکھوں افراد نے آن لائن دیکھا ، گورنر سندھ کا حب ریلی 2023 کی تقریب سے خطاب

اس طرح کے عالمی معیار کے ایونٹس نہ صرف کھلاڑیوں میں جیت کی جستجو پیدا کرتے ہیں بلکہ شائقین کے لئے بھی کشش کا باعث ہوتے ہیں، گورنرسندھ

اتوار 19 مارچ 2023 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2023ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اس طرح کے عالمی معیار کے ایونٹس نہ صرف کھلاڑیوں میں جیت کی جستجو پیدا کرتے ہیں بلکہ شائقین کے لئے بھی کشش کا باعث ہوتے ہیں،اس ریس کو دنیا بھر سے لاکھوں افراد نے آن لائن بھی دیکھا جس سے پاکستان کا مثبت امیج بحال ہونے میں مدد ملے گی، میری خواہش ہے کہ اس طرح کے ایونٹ کا انعقاد باقاعدگی سے اور مسلسل ہوتا رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حب ریلی 2023 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے ایونٹ میں مدعو کرنے پر چیف آرگنائزر حب ریلی2023 شجاعت شیروانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دس سال سے منعقد کی جانے والی اس ریلی سے شائقین بہت محظوظ ہوتے ہیں، اس موٹر ریس میں خطرناک گڑھوں، صحرا، ٹیلوں اور ساحل کے ساتھ ٹریک کھلاڑیوں کی مہارت کا امتحان ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریلی میں حصہ لینے والے مرد و خواتین اور نوجوانوں نے شائقین کو اپنی طرف بھرپور طور پر متوجہ رکھا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان معاشی مشکلات کا شکار ہے، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں ، اس طرح کے ایونٹس یہ بتاتے ہیں کہ محنت اور لگن سے ناممکن کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو مالی مشکلات کا شکار کرنے والوں کے اقدامات کا خمیازہ عام آدمی کو گیس ، بجلی اور پیٹرول کے روزافزوں بڑھتے ہوئے نرخوں کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ وقت نام، شہرت، عزت و مرتبہ کی شکل میں اس کی جانب سے دئے گئے قرض کو لوٹانے کا ہے، ہم سب کو اس جانب توجہ دینا ہوگی، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ریلی میں 78 کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔خواتین میں موٹر ریس کی فاتح دینا پٹیل رہیں، جنہوں نے یہ فاصلہ 27:33 منٹ میں طے کیا جبکہ ویٹنر میں فاتح شجاعت شیروانی رہے ، جنہوں نے یہ فاصلہ 29:01منٹ میں طے کیا،A Stockمیں فاتح سید آصف عمران رہے ، جنہوں نے یہ فاصلہ 24:14میں طے کیا،B Stockمیں فاتح علی مگسی رہے ، جنہوں نے یہ فاصلہ 23:51منٹ میں طے کیا،C Stockمیں فاتح میر بیبرک رہے ، جنہوں نے یہ فاصلہ 25:12منٹ میں طے کیا،D Stockمیں فاتح جمیل احمد رہے ، جنہوں نے یہ فاصلہ 26:34منٹ میں طے کیا،A Prepمیں فاتح تیمور خواجہ رہے ، جنہوں نے یہ فاصلہ 22:29منٹ میں طے کیا،B Prepمیں فاتح شہریار شادی خیل رہے ، جنہوں نے یہ فاصلہ 23:45منٹ میں طے کیا،C Prepمیں فاتح سید ظہیر حسین رہے ، جنہوں نے یہ فاصلہ 24:07منٹ میں طے کیا اور D Prepمیں فاتح شکیل بھرچندی رہے ، جنہوں نے یہ فاصلہ24:26منٹ میں طے کیا۔

بعد ازاں گورنر سندھ نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔