Live Updates

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا گزشتہ ہفتے لاہور میں واقعات کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنا نے کا اعلان

7 دن جو دہشتگردی ہوئی اس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنا رہے ہیں،نوٹیفیکیشن آج جاری ہو گا،اگر عمران خان کو آئی جی پر اعتماد نہیں تو سیکیورٹی واپس کردیں۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی پریس کانفرنس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 20 مارچ 2023 11:46

نگران وزیراعلیٰ  پنجاب کا گزشتہ ہفتے لاہور میں واقعات کی  تحقیقات کے ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔20مارچ 2023ء ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ ہفتے لاہور میں واقعات کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنا نے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے لاہور پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان کو آئی جی پر اعتماد نہیں تو سیکیورٹی واپس کردیں، روز پولیس افسران کو دھمکیاں دیں اور سیکیورٹی بھی دیں یہ ممکن نہیں ہے۔

کوئی سیاسی کارکن اس طرح کی حرکت نہیں کرتا، ایلیٹ کےاہلکاروں سے اسلحہ چھینا گیا اور گاڑی کو نہر میں پھینک دیا گیا،مظاہرین نے ایلیٹ کی گاڑی کو روکا اہلکاروں پر تشدد کیا گیا، دو روز قبل کینال روڈ کو کلیئر کروایا ،میں نے کہا تھا کہ اس ایریا کو کھولیں،ہماری کوشش ہے ماحول خراب نہ ہو اور نہ ہی کوئی جانی نقصان ہو۔میں نے آئی جی کو کہا ہے کہ ان سے بات کریں۔

(جاری ہے)

پولیس کو کہا ہے کہ اب حکومتی رٹ قائم کریں گے۔اب جو قانون توڑے گا اس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔میں اپنے پولیس فورس کے ساتھ کھڑا ہوں۔اب اگر کسی نے کوئی حرکت کی تو اس کا بھرپور جواب دیں گے۔پولیس کو ہدایات دی ہیں کہ اب جو قانونی کارروائی ہے وہ کریں۔سیاسی معاملات چلائیں لیکن اس طرح کی حرکتوں کی اجازت نہیں دی جائے گی،آج الیکشن کمیشن کو بھی خط لکھ رہے ہیں ، تفصیلات بھی بھیج رہے ہیں۔

کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ پولیس اہلکاروں کو کھل عام دھمکیاں دیں۔نگران وزیراعلیٰ نے عمران خان کے نام پیغام میں یہ بھی کہا کہ اگر آپ کو پولیس پر اعتماد نہیں تو سیکیورٹی واپس کردیں ۔روز پولیس افسران کو دھمکیاں دیں اور سیکیورٹی بھی دیں یہ ممکن نہیں ہے۔پی ٹی آئی سے درخواست ہے کہ اس طرح معاملات چلانا درست نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیغامات اور آڈیوز موجود ہیں جس میں پولیس اہلکار ان سے درخواست کررہے ہیں۔

پولیس اہلکار انہیں کہہ رہے ہیں کہ سرچ وارنٹ ہے ہمارے ساتھ چلیں۔آج تک سرچ وارنٹ پر عملدرآمد نہیں کرایا گیا،پولیس اہلکار عمران خان کے گھر کے اندر نہیں گئے ، اگر کوئی پیٹرول بم چلائے تو کیا کریں،پیٹرول بم گرانے کی ویڈیوز بھی موجود ہیں،مسلسل پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا جارہا ہے،پولیس اہلکاروں نے اگر صبر نہ کیا ہوتا تو دیکھتے،اب بس ہوگئی ،وہ کتنا صبر کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات