ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے پانی کا محتاط طریقے سے استعمال ہم سب کا فرض ہے، سی ای او واٹربورڈ

بدھ 22 مارچ 2023 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2023ء) دنیا اس وقت موسمیاتی تبدیلی سے گزر رہی ہے جس کے سبب پانی کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں لہذا ایک زمہ دار شہری ہونے کے ناطے پانی کا محتاط طریقے سے استعمال ہم سب کا فرض ہے، سندھ حکومت کی سرپرستی میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اپنے صارفین کو فراہمی و نکاسی آب بہتر کی خدمات مہیا کرنے میں بامعنی تبدیلی لانے کے لیے پرعزم ہے، اس ضمن میں واٹر بورڈ، ورلڈ بینک اور سندھ حکومت کے مشترکہ تعاون سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپرومینٹ پروجیکٹ (KWSSIP) کے تحت شہر بھر میں پینے کے صاف پانی اور سیوریج سروسز کی فراہمی کے نظام میں مزید اصلاحات لارہا ہے، اس لیے آئیے پانی کے عالمی دن کے موقع پر یہ عہد کریں کہ پانی کی بچت کو اپنی زندگی کا حصہ بنا کر واٹر بورڈ کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھتے ہوئے بلوں اور واجبات کی بروقت ادائیگی کریں تاکہ واٹر بورڈ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی مزید بہتر سہولیات فراہم کر سکے، ان خیالات کا اظہار سی ای او واٹر بورڈ انجینئر سید صلاح الدین احمد نے واٹر بورڈ کے مرکزی دفتر ایم ڈی سیکریٹریٹ کارساز میں پانی کے عالمی یومِ کے مناسبت سے کیے جانے والے 'واک' بعد اپنے جاری کردہ پیغام میں کیا، انکا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ ایک ایسا ادارہ ہے جو نہ صرف پانی کی فراہمی اور سیوریج کی بہتری کے لیے دن رات مصروف عمل ہے بلکہ یہ ادارہ بڑھتے ہوئے چیلنجز کے پیشِ نظر اپنی خدمات کو مسلسل بہتر بنانے پر مکمل یقین رکھتا ہے، ہم سمجھتے ہیں ان تمام چیلنجز پر پورا اترنے اور مسائل سے بہتر طریقوں سے نمٹنے کے لیے اختراعی حل کی سخت ضرورت ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم ورلڈ بینک اور سندھ حکومت کے مشترکہ تعاون سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپرومینٹ پروجیکٹ (KWSSIP) کے تحت شہر بھر میں پینے کے صاف پانی اور سیوریج سروسز کی فراہمی کے نظام میں مزید اصلاحات لاریے ہیں اور ہم اپنے انفرااسٹرکچر میں بہتری لا کر شہر بھر میں پانی اور سیوریج کی خدمات کے خلا کو پر کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے اور کثیر آبادی والے شہر میں طلب سے تقریبا 56 فیصد پانی کم دستیابی کے باوجود شہریوں کیلئے 150 کلومیٹر دور سے پانی لاکر شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم اور شہر کے آخری سرے اور دور دراز علاقوں تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے واٹر بورڈ تمام تر وسائل اور صلاحتیں بروئے کار لاتا ہے، انکا کہنا تھا واٹر بورڈ کی جانب سے شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں کے خلاف وقتا فوقتا کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے جبکہ واٹر بورڈ شہر اور عوام کے مفاد میں فائر بریگیڈ حکام کو بروقت بلا معاوضہ پانی فراہم کرتا ہے تاکہ آتشزدگی کے واقعات پر فوری قابو پاکر عوام کو بڑے سانحے سے بچایا جا سکے، واٹر بورڈ کے اس اچھے عمل کو ہر طبقہ فکر کے افراد ستائش کی نظر سے دیکھتے ہیں، انکا مزید کہنا تھا مجھے پورا یقین ہے کہ میری پوری ٹیم مستقبل میں آنے والے تمام چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے مستعدی سے اپنی ذمہ داری اور خدمات جاری رکھیں گی اور میری نیک تمنائیں، خواہشات اور میرا بھرپور تعاون ہمیشہ انکے ساتھ رہے گا، سی ای او واٹر بورڈ نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ طلب سے کہیں کم پانی کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی کفایت سے استعمال کریں تاکہ ان کا بچایا ہوا پانی دیگر شہریوں تک پہنچ سکے اور اس سلسلے میں منتخب نمائندے، شہری، فلاحی اور سماجی تنظیمیں واٹر بورڈ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ پانی کے ضیاع کو روکا جا سکے، اس لیے آئیے ہم سب مل کر پانی کے عالمی دن کے موقع پر یہ عہد کریں کہ پانی کی بچت کو اپنی زندگی کا حصہ بنا کر واٹر بورڈ کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھتے ہوئے بلوں اور واجبات کی بروقت ادائیگی کریں تاکہ واٹر بورڈ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی مزید بہتر سہولیات فراہم کر سکے، دوسری جانب سی ای او واٹر بورڈ انجینئر سید صلاح الدین احمد کی سربراہی میں ایم ڈی سیکریٹریٹ کارساز میں پانی کے عالمی دن کے مناسبت سے 'واک' میں واٹر بورڈ کے افسران و ملازمین سمیت مختلف فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور خواتین نے شرکت کرکے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی زمین پر بسنے والی تمام حیات کے لیے بہت ضرورت ہے اس لیے پانی کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے سی ای او واٹر بورڈ کی جانب سے پانی کے عالمی دن کے مناسبت سے 'واک' کا انعقاد ایک احسن اقدام ہے کیونکہ اس بہترین عمل سے عوام الناس میں پانی کی اہمیت کا اندازہ ہوگا۔