الیکشن کمیشن کا فیصلہ پاکستان کے مفاد میں ہے‘ مریم اورنگزیب

ملک کو بڑے آئینی بحران سے بچا لیا گیا،فیصلے سے سیاسی استحکام آئے گا

جمعرات 23 مارچ 2023 12:39

الیکشن کمیشن کا فیصلہ پاکستان کے مفاد میں ہے‘ مریم اورنگزیب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2023ء) وفاقی ویر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ پاکستان کے مفاد میں ہے جو معاشی، سیاسی اور سکیورٹی صورتِحال کو مدِنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 218کے تحت الیکشن کمیشن کو یقینی بنانا ہے کہ شفاف، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات ہوں، آرٹیکل 224کا تقاضا ہے کہ انتخابات کے وقت وفاق اور صوبائی اکائیوں میں نگراں حکومتیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا الیکشن ہوگا تو 2 صوبوں میں حکومتیں قائم ہوں گی، 30اپریل کو 2صوبوں میں الیکشن ہوتے تو ہمیشہ کے لیے متنازع ہو جاتے، الیکشن کمیشن نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا، فیصلے سے ملک میں سیاسی استحکام کی ضمانت ملے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے سے ملک کو بڑے آئینی بحران سے بچا لیا ہے، فیصلے سے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا، ملک میں مردم شماری کا عمل جاری ہے، پنجاب اور کے پی میں مردم شماری سے پہلے انتخابات ہوں یہ نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ تحفظات تھے کہ ایک آدمی کی انا کے سبب 2 صوبوں پر زبردستی الیکشن مسلط کیا جا رہا ہے، ایک شخص کی مرضی پر آئین نہیں چل سکتا کہ وہ جب چاہے آئین توڑ دے، جب چاہے اسمبلی توڑ دے، جب چاہے پولیس والوں کے سر توڑ دے، جب چاہے الیکشن کمیشن پر حملہ کرے، عدالت پر دھاوا بول دی یہ نہیں چلے گا۔مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ وہ جب چاہے الیکشن ہو جائے، جو چاہے فیصلے آئیں، یہ نہیں چلے گا۔