سعودی عرب میں غیرملکی ٹرک ڈرائیوروں پر نئی پابندی عائد

غیرملکی ٹرکوں کیلئے الیکٹرانک ٹرانسپورٹ دستاویز لازمی قرار دے دی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 23 مارچ 2023 13:43

سعودی عرب میں غیرملکی ٹرک ڈرائیوروں پر نئی پابندی عائد
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 مارچ 2023ء ) سعودی عرب میں غیرملکی ٹرک ڈرائیوروں پر نئی پابندی عائد کرتے ہوئے غیرملکی ٹرکوں کیلئے الیکٹرانک ٹرانسپورٹ دستاویز لازمی قرار دے دی گئی۔ سعودی عرب کے عکاظ اخبار کے مطابق مملکت کی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ سعودی عرب آنے والے غیرملکی ٹرکوں کو یکم اپریل سے الیکٹرانک ٹرانسپورٹ دستاویز پیش کرنا ہو گی، اس کے بغیر انہیں مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، غیرملکی ٹرکوں کو مملکت کے اندر سامان لانے لے جانے کی اجازت نہیں ہے، یہ کام صرف پرمٹ ہولڈرز مقامی شہریوں کے لیے مختص ہے۔

اس پابندی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس کے بہت سے مقاصد ہیں، جن میں سے ایک بڑا مقصد سعودی عرب آنے والے غیرملکی ٹرکوں اور گاڑیوں کے ٹرانسپورٹ آپریشن کو منظم کرنا ہے، دوسرا مقصد بری راستے سے کارگو سروس کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنانا ہے جب کہ اس پابندی کا تیسرا بڑا مقصد قومی ٹرانسپورٹرز کو خارجی ٹرانسپورٹرز کی مداخلت سے جائز حدود میں تحفظ فراہم کرنا ہے تاکہ مسابقت کا منصفانہ ماحول قائم کیا جائے۔

(جاری ہے)

اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک ٹرانسپورٹ دستاویز سامان بھیجنے والے اور وصول کرنے والے سے متعلق بنیادی معلومات پر مشتمل ہوگی، اس میں سامان کی تمام تفصیلات درج کرنا ہوں گی، ٹرک کس تاریخ کو روانہ کیا گیا اور کہاں کہاں سے گزرے گا ان معلومات کو بھی دستاویز میں شامل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :