لاہور میں لاپتہ نوجوان لڑکی کی لاش نہر سے مل گئی، 3ملزمان گرفتار

جمعہ 24 مارچ 2023 21:03

لاہور میں لاپتہ نوجوان لڑکی کی لاش نہر سے مل گئی، 3ملزمان گرفتار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2023ء) لاہور کے علاقہ فیصل ٹائون سے لاپتہ22 سالہ لڑکی کی لاش چوہنگ کے قریب نہر سے مل گئی۔پولیس کے مطابق ام عمارہ نامی لڑکی کی لاش چوہنگ کے قریب نہر سے ملی، پولیس نے لاش تحویل میں لیکر تحقیقات شروع کردی اور تین ملزمان کو گرفتارکرلیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ قتل اور زیادتی سمیت مختلف پہلوئوں پر تحقیقات جاری ہے، اصل حقائق جلد سامنے آجائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ لڑکی کے مبینہ اغوا کی رپورٹ 20مارچ کو تھانہ فیصل ٹائون لاہور میں اسکے والد کی مدعیت میں درج کی گئی تھی۔لڑکی کے والد کے مطابق مورخہ 20مارچ کو رات 3بجے انکی اہلیہ اچانک نیند سے بیدار ہوئی تو دیکھا کہ انکی بیٹی 22سالہ ام عمارہ اپنے بستر پر موجود نہیں ہے۔ایف آئی آر میں لڑکی کے والد نے بتایا تھا کہ ساتھ والے گھر کے کیمرے سے معلوم ہوا کہ انکی بیٹی گھر سے نکلی ہے جسے کوئی ورغلاکر زیادتی کی نیت سے لے گیا ہے لہذا نامعلوم ملزم کے قبضے سے میری بیٹی کو بازیاب کرایا جائے۔