ایچ ای سی کی جانب سے ایچ ای آئی کے نئے شامل ہونے والے ممبران کے لیے تربیتی پروگرام کا اہتمام

ہفتہ 25 مارچ 2023 17:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2023ء) نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (این اے ایچ ای) اور ہائر ایجوکیشم کمیشن نے اسلام آباد میں ہائیر ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز کے نئے شامل ہونے والے فیکلٹی ممبران کے لئے نیشنل فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام (این ڈی ایف پی) کے چوتھے تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا،15 روزہ تربیتی پروگرام میں پاکستان بھر کے پبلک سیکٹرکے اعلی تعلیمی اداروں کے تقریباً20 فیکلٹی ارکین نے شرکت کی۔

مختلف شعبوں اور مہارتوں سے تعلق رکھنے والے نامور وسائل کے افراد نے درس و تدریس اور اس کے مختلف اجزا ءکے بارے میں ایک جامع فہم فراہم کیا جو شرکا ءکو بہتر اساتذہ اور محقق بننے کے لیے ضروری ہیں۔ موثر تدریس اور سیکھنے، کورس ڈیزائن، سبق کی منصوبہ بندی اور ترسیل، تشخیص اور کلاس روم میں ٹیکنالوجی، لرننگ مینجمنٹ سسٹم، گرانٹ رائٹنگ، پبلشنگ ریسرچ، اور پرسنل اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ پر سیشن منعقد ہوئے۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی کے مشیرانجینئر محمد رضا چوہان تقریب تقسیم اسناد کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے شرکا سے استاد کا حلف لیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کی اہمیت اور اس کے مثبت اثرات پر زور دیا کہ وہ اختراعی اور کاروباری ذہنیت کو ابھار کر اپنے طلبا کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔ انہوں نے شرکا کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے پیشے میں بہترین کارکردگی کے حصول کے لیے خود کو جدید ترین علم اور ہنر سے اپ ڈیٹ رکھیں۔

این اے ایچ ای آن لائن موڈ میں 2020 سے نئے شامل ہونے والے فیکلٹی ممبران کے لئے نیشنل فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کا اہتمام کر رہا تھا تاہم2022 میں، پروگرام کو روبرو انداز میں دوبارہ ڈیزائن کیا گیا اور نئے شامل ہونے والے فیکلٹی ممبران کے لیے بھی شروع کیا گیا۔ نومبر 2022 سے، پروگرام کے چار تربیتی پروگراموںکا اہتمام کیا گیا ہے جس کے ذریعے 96 فیکلٹی ممبران کو تربیت دی گئی ہے اور توقع ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اداروں میں اسی طرح کی تربیت کا آغاز کریں گے۔