سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے جاپان کا ویزا لگوانا آسان ہوگیا

سعودی اور مملکت میں مقیم غیرملکی جاپان کا الیکٹرانک ٹورسٹ ویزا حاصل کرنے کیلئے درخواست دے سکتے ہیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 25 مارچ 2023 16:42

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے جاپان کا ویزا لگوانا آسان ہوگیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مارچ 2023ء ) جاپان نے سعودی عرب کے رہائشی غیرملکیوں کے لیے ای ٹورسٹ ویزا کا اعلان کیا ہے، جس کے ساتھ ہی مملکت میں مقیم پاکستانیوں کیلئے بھی جاپان کا ویزا لگوانا آسان ہوگیا، کیوں کہ اب ناصرف سعودی بلکہ مملکت میں رہنے والے غیرملکی بھی جاپان کا الیکٹرانک ٹورسٹ ویزا حاصل کرنے کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔

گلف نیوز کے مطابق ریاض میں جاپان کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ پیر سے سعودی شہریوں اور سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں سے جاپان کا الیکٹرانک ٹورسٹ ویزا حاصل کرنے کے لیے درخواستیں وصول کی جائیں گی، سعودی عرب میں رہنے والے تمام شہری سیاحتی ویزا کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں، جو 90 دن تک قیام کے لیے سنگل انٹری ویزا ہوگا اور یہ ویزا جاری ہونے کی تاریخ سے تین ماہ کے لیے کارآمد ہوگا۔

(جاری ہے)

مشن نے ایک بیان میں مزید کہا کہ الیکٹرانک ویز جاری کرنے کا نوٹس حاصل کرنے کے لیے ویزا کی درخواست JAPAN eVISA ویب سائٹ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے، درخواست دہندگان کو JAPAN eVISA ویب سائٹ پر لاگ ان کرنے اور انٹرنیٹ ماحول کے تحت روانگی کے ہوائی اڈے پر ویزا جاری کرنے کا نوٹس ڈسپلے کرنے کی ضرورت ہے، صفحہ کا پی ڈی ایف ڈیٹا، اسکرین شاٹ یا پرنٹ آؤٹ قبول نہیں کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ اگر ویزا فیس لاگو ہوتی ہے تو قومیت کی بنیاد پر درخواست دہندگان یا ان کے نمائندوں کو فیس کی نقد ادائیگی کے لیے جاپانی سفارت خانے یا قونصلیٹ جنرل جانا پڑتا ہے، درخواست دہندگان کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ جاپان میں آمد کی طے شدہ تاریخ سے کم از کم سات دن پہلے درخواست جمع کرائیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں تقریباً 34.8 ملین افراد پر مشتمل غیر ملکی کارکنوں کی ایک بڑی کمیونٹی مقیم ہے جب کہ سعودی عرب اور جاپان کے درمیان تعلقات حال ہی میں پروان چڑھے ہیں، گزشتہ دسمبر میں دونوں ممالک نے ریاض میں منعقدہ سعودی جاپان سرمایہ کاری فورم کے موقع پر مختلف شعبوں میں 15 معاہدوں پر دستخط کیے جن کا مقصد سرمایہ کاری کی شراکت داری اور اقتصادی روابط کو فروغ دینا تھا۔