Live Updates

جلسے میں عمران خان کی حفاظت پی ٹی آئی خود کر رہی ہے، عمر ایوب

ایسی پولیس پر کیسے اعتبار کیا جا سکتا ہے، جس نے عمران خان کی غیر موجودگی میں زمان پارک پر حملہ کیا، رہنما پی ٹی آئی کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 25 مارچ 2023 23:52

جلسے میں عمران خان کی حفاظت پی ٹی آئی خود کر رہی ہے، عمر ایوب
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ 2023ء) رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جلسے میں عمران خان کی حفاظت پی ٹی آئی خود کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی پولیس پر کیسے اعتبار کیا جا سکتا ہے، جس نے عمران خان کی غیر موجودگی میں زمان پارک پر حملہ کیا۔ اپنے بیان میں عمر ایوب نے کہا کہ اس وقت تک چیئرمین عمران خان کی حفاظت کیلئے پی ٹی آئی کی اپنی سیکیورٹی ہی مامور ہے۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ وہ پولیس جو پی ٹی آئی کے خلاف آپریشن کررہی ہے، جس نے عمران خان کی غیر موجودگی میں زمان پارک پر حملہ کیا ہو، ایسی پولیس پر کیسے اعتبار کیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لاہور میں سیاسی پاور شو کر رہی ہے۔ مینار پاکستان پر جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ عمران خان کے خطاب کیلئے جلسہ گاہ میں بلٹ پروف کیبن لگادی گئی ہے جہاں سے چیئرمین تحریک انصاف جلسے کے شرکا سے خطاب کریں گے۔

ادھر مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کے پیش نظر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا ہے۔ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیم عمران خان کو مینار پاکستان جلسہ میں نشان بنا سکتی ہے لہذا پی ٹی آئی قیادت اور اجتماعات کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی خدشات کے بارے میں پولیس ، سی ٹی ڈی اوردیگر اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں،جلسہ گاہ سمیت رہنماوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے گی۔                                                                                                       
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات