Live Updates

تہران میں موساد کی ڈرون بنانیوالی فیکٹری پکڑی گئی، مزید 2 ایجنٹ گرفتار، جاسوس کو سزائے موت

2 مختلف کارروائیوں میں موساد کے ایجنٹوں کے قبضے سے 200 کلو بارود اور 23 ڈرونز کا سامان اور دیگر آلات برآمد

Sajid Ali ساجد علی پیر 16 جون 2025 10:51

تہران میں موساد کی ڈرون بنانیوالی فیکٹری پکڑی گئی، مزید 2 ایجنٹ گرفتار، ..
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2025ء ) اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے دوران ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کی ڈرون بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی، ایران نے مزید 2 ایجنٹ گرفتار کرلیے، ایک اسرائیلی جاسوس کو سزائے موت دے دی گئی، اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے والے شخص کو مکمل عدالتی کارروائی کے بعد سزا دی گئی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی پولیس نے کارروائی کرکے دارالحکومت تہران میں موساد کی جانب سے قائم ڈرون بنانے والی فیکٹری کا سراغ لگا کر مزید 2 ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا، اس حوالے سے عمل میں لائی جانے والی 2 مختلف کارروائیوں میں موساد کے ایجنٹوں کے قبضے سے 200 کلو بارود اور 23 ڈرونز کا سامان اور دیگر آلات برآمد کر لیے گئے۔

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے رپورٹ کیا ہے کہ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے پولیس کے ترجمان سعید منتظر المہدی نے بتایا کہ ان 2 افراد کو تہران کے علاقہ فشافویہ سے گرفتار کیا گیا، 3 منزلہ عمارت اسرائیلی ایجنٹوں کی جانب سے ناصرف ڈرونز کی تیاری بلکہ انہیں دہشت گرد کارروائیوں کے لیے بھی استعمال کی جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں گزشتہ روز بھی ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا، دونوں افراد کو ایرانی صوبے البرز سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ ایک سیف ہاس میں موساد کے لیے دھماکہ خیز مواد تیار کررہے تھے، دوسری طرف اسرائیل نے بھی ایران کے لیے جاسوسی کے شبہ میں 2 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا، گرفتار افراد کو اسرائیل کی داخلی خفیہ ایجنسی شاباک (شین بیت) اور اسرائیلی پولیس نے گرفتار کیا، ان مشتبہ افراد کو اسرائیل کے ایران پر حملوں کے آغاز کے ایک روز بعد گرفتار کیا گیا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات