پنجاب میں سرکاری محکموں میں افطار پارٹیوں پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

مہمانوں یا سرکاری محکموں کے وفود کو تحائف نہیں دیئے جائیں گے،غیر ملکی وفود اور مہمان پابندی سے مستثنیٰ قرار

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 مارچ 2023 16:30

پنجاب میں سرکاری محکموں میں افطار پارٹیوں پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن ..
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 مارچ 2023ء ) پنجاب حکومت نے رمضان المبارک میں سرکاری محکموں میں افطار پارٹیوں کا اہتمام کرنے پر پابندی عائد کردی، مہمانوں یا سرکاری محکموں کے وفود کو سرکاری تحائف نہیں دیئے جائیں گے تاہم غیر ملکی وفود اور مہمان اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے سرکاری محکموں میں افطار پارٹیوں پر پابندی عائد کرکے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، نوٹیفکیشن میں محکموں کو عوامی پیسے کے استعمال میں انتہائی سادگی اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس حوالے سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مہمانوں یا سرکاری محکموں کے وفود کو سرکاری تحائف نہیں دیئے جائیں گے، تاہم غیر ملکی وفود اور مہمان اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

دوسری طرف رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی ہفتہ وار مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ماہ رمضان کے آتے ہی 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے مہنگائی کی ہفتہ وار شرح ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 46 فیصد سے اوپر چلی گئی، اس سلسے میں ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار مہنگائی کے ہوشربا اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ماہ رمضان کے آتے ہی 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، آٹے کا تھیلا، ٹماٹر، آلو، دال، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت 58 روپے سے بڑھ کر 100 روپے ہو گئی، بیس کلو آٹے کا تھیلا 1817 روپے سے بڑھ کر 2587 روپے کا ہو گیا، آلو کی فی کلو قیمت میں 6 روپے، چینی کی قیمت میں 71 پیسے اضافہ ہوا، دال ماش کی فی کلو قیمت 415 روپے سے بڑھ کر 421 روپے سے زائد ہو گئی، اڑھائی کلو گھی کا ٹن، تازہ دودھ، دہی، مٹن، چاول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات نے رپورٹ میں بتایا کہ ایک ہفتے میں کیلے 21 روپے 57 پیسے فی درجن، چائے کا پیکٹ 34 روپے 37 پیسے، مٹن 13 روپے 78 پیسے فی کلومہنگا، بیف 6 روپے 31 پیسے، اڑھائی کلو گھی کا ٹن 8 روپے 84 پیسے مہنگا ہوا، ایک ہفتے میں 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چکن 32 روپے 85 پیسے فی کلو، سرخ مرچ پیکٹ 5 روپے سستا ہوا، لہسن 4 روپے 59 پیسے ، دال چنا 2 روپے 70 پیسے فی کلو سستی ہوئی، اس کے علاوہ دال مونگ، دال مسور، انڈے اور پیاز بھی سستے ہوئے جبکہ ایک ہفتے میں 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔