چینی بحران حکومت کی مس مینجمنٹ کا نتیجہ ہے، نیئر حسین بخاری

چینی بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت کو منصوبہ بندی اور مینجمنٹ کو درست کرنا پڑے گا، سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز

بدھ 30 جولائی 2025 17:00

چینی بحران حکومت کی مس مینجمنٹ کا نتیجہ ہے، نیئر حسین بخاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)چینی بحران، سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز سید نیئر حسین بخاری نے کہاہے کہ چینی بحران حکومت کی مس مینجمنٹ کا نتیجہ ہے۔ اپنے بیان میں نیئر حسین بخاری نے کہاکہ لگتا ہے حکومت کو تو صورتحال پر درست طریقے سے بریف ہی نہیں کیا گیا، درست اعدادوشمار پیش نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے آج چینی درآمد کرنا پڑرہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ چینی بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت کو منصوبہ بندی اور مینجمنٹ کو درست کرنا پڑے گا۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی کابینہ کو اپنی ذمہ داری ادا کرکے عوام کو ریلیف دینا چاہیے،آصف زرداری نے 2008 میں کابینہ ارکان سے 100 روزہ پلان میں ہی گندم کی قیمت متعین کردی تھی۔انہوںنے کہاکہ حکومت کو ایسی پالیسی مرتب کرنا ہوگی جس سے کسانوں کو فائدہ ہو، چینی بحران کے ذمہ داران کو مثالی سزا ملنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا ہوگیا ہے، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے شوگر ایڈوائزری بورڈ اور دیگر ذمہ داران کو سزا دی جائے،وزارت خزانہ پارلیمنٹ کو جوابدہ ہے۔انہوںنے کہاکہ چینی کے معاملے پر پبلک اکاونٹس کمیٹی اور قائمہ کمیٹیاں اپنا آئینی کردارادا کریں،بیوروکریٹس اور شوگر ایڈوائزری بورڈ کے ارکان کی وجہ سے حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھ رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخواہ میں امن وامان کی خراب صورتحال وزیراعلی کی نااہلی ظاہر کرتی ہے، وزیراعلی کے خلاف عدم اعتماد کی شق آئین میں موجودہے۔انہوںنے کہاکہ اگر وزیراعلی امن وامان کی صورتحال اور ایڈمنسٹریشن کو نہیں سنبھال سکتے تو عدم اعتماد کی تحریک لانی چاہیے،علی امین گنڈاپور کے خلاف عدم اعتماد کی صورت میں اسمبلی کو قائد ایوان کا انتخاب کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ علی امین گنڈاپور کے پاس خیبرپختونخواہ اسمبلی میں مطلوبہ نمبرز نہیں ہیں تو ان کو جانا چاہیے۔