Live Updates

عمران خان، دیگر پر مقدمات کے خلاف عالمی اداروں سے رابطہ کر رہے ہیں، فواد چوہدری کااعلان

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف 29 مقدمات درج کیے گئے، رہنما تحریک انصاف کی میڈیا سے گفتگو ہمارے لوگ گرفتار اور غائب ہو رہے ہیں، ہر روز انسانی حقوق کی خلاف وزی ہو رہی ہے ، شیریں مزاری

منگل 28 مارچ 2023 22:39

عمران خان، دیگر پر مقدمات کے خلاف عالمی اداروں سے رابطہ کر رہے ہیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2023ء) پاکستان تحریک انصاف رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان سمیت پارٹی کی سینیئر قیادت پر درج مقدمات کے حوالے سے عالمی اداروں سے رابطہ کرنے جارہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ججوں کو پتا نہیں ہے کہ کوئی حقوق ہوتے ہیں جن کا تحفظ کرنے کے لیے انہیں تنخواہ دی جاتی ہے اور لوگوں کے حقوق کی حفاظت کے لیے جوڈیشری کا ادارہ بنایا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز 10 سالہ بچے کو مجسٹریٹ نے جوڈیشل ریمانڈ کردیا ہے جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوٹس لیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف 29 مقدمات درج کیے گئے جن میں سے 15 مقدمات ایک دن میں درج کیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت تک عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی سینئر قیادت پر 143 مقدمات درج کیے گئے ہیں، 21 مارچ تک 1060 افراد زیر حراست تھے جن کی فہرست ہم نے عدالت کو دے دی ہی جبکہ اب 11 سو افراد مزید گرفتار ہیں جن کی فہرست بھی اب دے رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ جو سارا کچھ ہو رہا ہے اس کا 90 فیصد پنجاب اور اسلام آباد میں ہو رہا ہے جس کے خلاف ہم پوری مہم چلانے جارہے ہیں جس میں ہم عالمی اداروں اور ڈپلومیٹک کور سے رابطہ کر رہے ہیں لیکن یہ خوش آئندہ بات ہے کہ دنیا کے طاقتور اداروں کی پاکستان پر نظر آگئی ہے جہاں دنیا میں ایسے معاملات پر بات ہو رہی ہے جبکہ اگلے 10 دن کے اندر یہ دباؤ بڑھے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ محسن نقوی سمیت پنجاب کی کرمنل کابینا کے خلاف سمندر پار پاکستانیوں نے ان کی ویزا معطل کرانے اور مغربی ممالک میں داخلہ پر پابندی کے لیے ناپسندیدہ شخص قرار دینے کے لیے مہم شروع کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد اور متعلقہ افسران سمیت پنجاب کی کابینا کے خلاف مقدمات درج کرانے جارہے ہیں اور ان کو پرسونا نان گراٹا (ناپسندیدہ شخص) قرار دلانے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے ان کے ویزا منسوخ ہوں گے اور باہر منہ دکھانے کے لائق نہیں ہوں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جو ہرکتیں ہیں پاکستان کو دوبارہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) میں شامل کرائیں گے اور انسانی حقوق پر یورپ کے ساتھ خصوصی حیثیت کو ختم کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کریں، پاکستان دیوالیہ ہونے جارہے ہیں لیکن ان کو کوئی پتا نہیں ہے۔ شیریں مزاری نے کہاکہ اپریل 2022 میں جب پی ٹی آئی کی حکومت ختم کی گئی اس سے لے کر اب تک کی صورتحال کے حوالے سے کتاب لکھی ہے ،پی ٹی ائی اور اس کے حامیوں کو ایک منظم ، اور ریاستی سرپرستی میں چلائی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مہم کا نشانہ بنایا گیا ،اس کتاب میں غیر قانونی گرفتاریاں ، نظربندی ، زیر حراست تشدد اور سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانا شامل ہے ،کتاب کے دوسرے حصے میں میڈیا کی زبان بندی ، آزادی اظہار رائے پر حملہ شامل ہے ۔

انہوںنے کہاکہ سیاسی مخالفین کے انسانی وقار اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی بھی ان خلاف ورزیوں کا حصہ ہے ، انسانی حقوق کی خلاف وزی کے خلاف آواز اٹھانے جا رہے ہیں،فریڈم آف سپیچ کے خلاف حکومت کی کارورائی کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سوال اٹھتا ہے وزیر اعظم کی فون کال کیسے ٹریس کی جا رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہر روز ہمارے لوگ گرفتار اور غائب ہو رہے ہیں، ہر روز انسانی حقوق کی خلاف وزی ہو رہی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اظہر مشوانی5 دنوں سے غائب ہیں ،آخر کون ذمہ دار ہے۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی ائی کی سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے زیادہ تر معاملات میں پر امن مظاہرین کے خلاف تشدد کا استعمال کیا گیا ،عمران خان کے فوٹوگرافر کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔انہوںنے کہاکہ پنجاب ، سندھ اور اسلام اباد میں سینکڑوں کارکنوں کی پیشگی گرفتاریوں کے زریعے سبوتاژ کیا گیا، ہم ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات