لاہور، ایچ ای سی کے ایچ ای ڈی پی منصوبے کے تحت پنجاب کے الحاق کردہ کالجوں کی فیکلٹی کے لیے تربیتی پروگرم کا آغاز

جمعرات 30 مارچ 2023 16:57

لاہور، ایچ ای سی کے ایچ ای ڈی پی منصوبے کے تحت پنجاب کے الحاق کردہ کالجوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2023ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ اِن پاکستان (ایچ ای ڈی پی)منصوبے کے تحت پنجاب کے نو ڈویژنز میں الحاق کردہ کالجوں کے اساتذہ کے استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق پروگرام ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔

ایچ ای ڈی پی منصوبے کی ٹیم نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور میں دو روزہ تربیت کا انعقاد کیاجس میں ضلع لاہور کے 60الحاق کردہ کالجوں کے فیکلٹی اراکین نے شرکت کی،تربیتی پروگرام کے پہلے گروہ میں 109اساتذہ شریک تھے جن میں 60فیصد خواتین تھیں۔ چھ ماڈیولز پر مشتمل تربیت میں سمیسٹر سسٹم کی طرف منتقلی، کیریئر میں ترقی، تعلیم کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال، نصاب تعلیم کی تشکیل اور طرز ہائے تدریس پر اساتذہ کو تربیت فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

ایچ ای ڈی پی پروگرام سپیشلسٹ اسد خان اور پوسٹ سیکنڈری ایجوکیشن ریفارم یونٹ کی ٹیم ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی معاونت سے تربیتی سرگرمی کا انعقاد کررہے ہیں۔ افتتاحی اور اختتامی تقاریب میں ڈپٹی سیکرٹری ایچ ای ڈی پنجاب ندیم اصغر نے بھی شرکت کی اور وفاقی و صوبائی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان معاونت مزید بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے اساتذہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اس نوع کے تربیتی پروگراموں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔