ای آکشن ایپ پر 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد خواہشمند افراد کی رجسٹریشن

ایپ کی بدولت گھر بیٹھے موٹروہیکلز کے پرکشش نمبرز حاصل کئے جا سکتے ہیں‘ چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف

جمعرات 30 مارچ 2023 16:07

ای آکشن ایپ پر 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد خواہشمند افراد کی رجسٹریشن
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مارچ2023ء) موٹروہیکلز کے پرکشش نمبرز کے حصول کیلئے پنجاب آئی ٹی بورڈ کی محکمہ ایکسائز پنجاب کیلئے وضع کردہ ای آکشن ایپ اور ویب پورٹل پر اب تک 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد خواہشمند افراد رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی زیرِ صدارت جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سسٹم کے تحت اب تک 1 لاکھ 97 ہزار سے زائد افراد کی درخواستیں منظور ہوئی ہیں جبکہ 1 لاکھ 34 ہزار نمبر سسٹم کے تحت جاری کئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے کہا کہ فیس کی ادائیگی کیلئے سسٹم کو ای پے پنجاب سے بھی منسلک کیا گیا ہے اور محکمہ ایکسائز کو اس مد میں اب تک 79 کروڑ روپے سے زائد ریونیو حاصل ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن سسٹم سے گھر بیٹھے گاڑیوں کے پرکشش نمبروں کا حصول ممکن ہو گیا ہے۔ سسٹم کے تحت کار، موٹر سائیکل، کمرشل گاڑیوں کے نمبروں کی نیلامی کی جاتی ہے اور بولی جیتنے والوں کی تفصیلات ای آکشن سسٹم پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ آن لائن سسٹم میں ٹیکس کیلکولیٹر اور وہیکل ویریفیکیشن کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :