پاک فوج نے بھارت اور پاکستان کے درمیان مسلح تصادم میں شہداء اور زخمیوں کی تفصیلات بتا دیں

بھارت کے 6اور7مئی کو بلااشتعال حملے میں پاک فوج کے 11جوان اور خواتین و بچوں سمیت40 شہری شہید ہوئے، مادر وطن پر قربان ہونے والوں میں آرمی کے 6 اور فضائیہ کے 5 اہلکار شامل ہیں، آئی ایس پی آر

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 13 مئی 2025 10:59

پاک فوج نے بھارت اور پاکستان کے درمیان مسلح تصادم میں شہداء اور زخمیوں ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 مئی 2025)بھارتی مسلح افواج نے 6 اور 7 مئی 2025 کی شب پاکستان پر بزدلانہ حملے کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جس میں پاک فوج کے 11 جوان اور خواتین و بچوں سمیت 40 شہری شہید ہوگئے،پاک فوج نے بھارت اور پاکستان کے درمیان مسلح تصادم میں شہداءاور زخمیوں کی تعداد بتا دی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق 6 اور7 مئی کی درمیانی شب، بھارتی افواج نے بلا اشتعال اور قابل مذمت وحشیانہ حملے شروع کیے، ان حملوں میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

معرکہ حق کے دوران وطن کا تحفظ کرتے ہوئے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ عام شہریوں پر جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 78 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق مادر وطن پر قربان ہونے والوں میں آرمی کے 6 اور فضائیہ کے 5 اہلکار شامل ہیں۔ بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کے نتیجے میں 40 بے گناہ شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں جبکہ 121 افراد زخمی ہوئے جن میں 10 خواتین اور 27 بچے شامل ہیں۔

پاکستانی افواج نے ”معرکہ حق“ کے تحت بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مو¿ثر جواب دیا۔ ”آپریشن بنیان مرصوص“ کے ذریعے دشمن کو نشانہ بناتے ہوئے پاکستانی افواج نے دشمن کی پوزیشنز پر انتہائی درستگی سے جوابی حملے کئے۔ شہید ہونے والے میں نائیک عبدالرحمان، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، اور نائیک وقار خالد شامل ہیں، جبکہ سپاہی عدیل اکبر اور نثار بھی وطن پر قربان ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب بھی معرکہ حق کے دوران شہید ہوگئے، سینئر ٹیکنیشن نجیب سلطان، سینئر ٹیکنیشن مبشر اور کارپورل ٹیکنیشن فاروق بھی شہداءمیں شامل ہیں۔پاکستانی مسلح افواج نے اس سنگین جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ”معرکہ حق“ کے تحت بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کا نام ”آپریشن بنیان مرصوص“ رکھا گیا۔

ان کارروائیوں میں دشمن کو ٹھوس اور ٹھیک نشانہ بناکر بھاری نقصان پہنچایا گیا اور پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداءقوم کا فخر ہیں، شہداءکی قربانی جرات، جذبے اور محب الوطنی کی شاندار علامت ہے، ان کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں، قوم جارحیت کے سامنے پرعزم ہے، اس میں کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیے۔ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آئندہ کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔