شارجہ میں پاکستانی اپنی سگی بیٹی کو قتل کرکے آبائی ملک فرار

پولیس نے مطلوبہ شخص کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد طلب کرلی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 1 اپریل 2023 16:21

شارجہ میں پاکستانی اپنی سگی بیٹی کو قتل کرکے آبائی ملک فرار
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 اپریل 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں بیٹی کو قتل کرکے فرار ہونے والے پاکستانی شہری کی تلاش جاری ہے، جہاں پولیس نے مطلوبہ شخص کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد طلب کرلی۔ گلف نیوز کے مطابق شارجہ پولیس نے ایک ایسے شخص کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد طلب کی ہے، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے ملک فرار ہو گیا ہے، ملزم نے اپنی بیٹی کو قتل کیا اور جرم کا ارتکاب کرنے کے بعد ملک سے فرار ہو گیا اور حکام کی جانب سے اس کی تلاش کی جا رہی ہے۔

شارجہ پولیس کی جانب سے انٹرپول سے کہا گیا ہے کہ 26 سالہ پاکستانی متاثرہ لڑکی کو اس کے والد نے قتل کیا اور اس شخص نے اپنے جرم کے بعد ملک چھوڑ دیا، انٹرپول اپنی بیٹی کے قتل کے بعد آبائی ملک فرار ہونے والے ایک شخص کی گرفتاری اور حوالگی میں مدد کرے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ مقتولہ کے بھائی نے پولیس کو اس جرم کی اطلاع دی تو پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر خاتون کو پہلے ہی مردہ پایا، جس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے فرانزک لیبارٹری لے جایا گیا اور انٹرپول سے اس انکشاف کے بعد رابطہ کیا گیا کہ لڑکی کو قتل کرنے والا ملزم اس کا اپنا باپ ہے، جو متحدہ عرب امارات چھوڑ چکا ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے آبائی ملک پاکستان واپس چلا گیا۔

معلوم ہوا ہے کہ بین الاقوامی قانون کے تحت ملزم کی گرفتاری اور حوالگی کے لیے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں جب کہ پولیس واقعہ اور جرم کے پیچھے محرکات کی تحقیقات کر رہی ہے، اس سلسلے میں فرانزک ٹیموں اور سی آئی ڈی افسران نے اس علاقے کی تفصیلی تصاویر لیں جہاں سے لڑکی کی لاش ملی اور اس کی موت کی وجہ کا تعین کرنے میں مدد کے لیے مقتولہ کے فنگر پرنٹس بھی لیے گئے جب کہ مزید تفتیش کے لیے لاش کو پولیس فرانزک لیب لے جانے کا حکم دیا گیا۔