راولپنڈی قبرستان کے ماڈل بائی لاز 2023 جاری

اتوار 9 اپریل 2023 15:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2023ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے بطور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کار پوریشن راولپنڈی قبرستان کے ماڈل بائی لاز 2023 جاری کردیئے گئےہیں۔ کمشنر راولپنڈی کے جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن G/ 240 کے مطابق ان بائی لاز کا فوری طلاق میونسپل/ میٹرو کارپوریشن کی حدود میں آنے والے تمام علاقوں میں لاگو ہوگا، تاہم کینٹ، محکمہ اوقاف کے علاقے اور پنجاب شہر خاموشاں اتھارٹی اس سے مستثنیٰ ہوں گی۔

قبرستان بائی لاز کے نافذ ہونے پر متعلقہ لوکل گورنمنٹ یونین کونسل قبرستان کمیٹی نوٹیفکیشن کرے گی، جو چیئرمین و دیگرسرکاری و غیر سرکاری ممبران پر مشتمل ہو گی۔ بائی لاز کے مطابق کمیٹی کے ذمہ قبرستان کے انتظامات کے لئے پالیسی بنانا، اس کی مانیٹرنگ، قبرستان کی دیکھ بھال، اس کی بہتری کے لیے تجاویز دینا قبرستان کے علاقےکو تجاوزات سے پاک کرنا، قبروں کی حفاظت اور مرمت میں لوکل گورنمنٹ کی مدد کرنا اور قبرستان میں لارواسائیڈنگ شامل ہے، بائی لاز کے لاگو ہونے سے قبل کوئی بھی ایسی جگہ جو دفنانے کے لیے استعمال نہ ہو رہی ہو، اسے بعد میں بھی لوکل گورنمنٹ کے اجازت نامے کے بغیر استعمال نہیں کیا جائے گا نیز تمام دفنانے کی جگہیں لوکل گورنمنٹ کے ساتھ رجسٹر ہو ں گی، گورکن صرف وہی ہو گا جسے لوکل گورنمنٹ کی طرف سے تعنیات کیا گیاہو اور وہ راستے یا سڑک پر قبر نہیں کھودے گا مزید براں قبر کھودنے کی قیمت لوکل گورنمنٹ قبرستان کمیٹی کے ساتھ مل کر مقرر کرے گی جس سے زیادہ گورکن لینے کا مجاز نہیں ہوگا، قبرستان میں کسی قسم کی تجاوزات کی اجازت نہیں ہوگی، کوئی بھی شخص قبرستان میں جانور، ٹانگہ یا ریڑھا نہیں لائے گا کسی شخص کو قبرستان کی حدود میں پھول بیچنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

غریب اور نادار افراد کے دفنانے کا بندوبست لوکل گورنمنٹ اپنی طرف سے کریں گے اور اس کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جائے گا۔ لوکل گورنمنٹ و قبرستان کمیٹی کی اجازت کے بغیر قبرستان کے اندر کسی قسم کی لکھائی یا مقبرہ بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام قبروں کے سائز بھی ایک جیسے ر کھے جائیں گے۔بائی لاز کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سیکشن 172 تا 176 اور سیکشن 134 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نےمزید کہا کہ دنیا سے پردہ کرنے والی روح اس بات کے حقدار ہے کہ اسے عزت و تکریم کے ساتھ دفنایا جائے، لوکل گورنمنٹ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کو دفنانے کے لئے مناسب جگہ فراہم کریں۔ اسی ضمن میں یہ ماڈل بائی لاز بنائے گئے ہیں جو فوری نافذالعمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ان بائی لاز کے ایشو ہونے کے 60 دن کے اندر اندر ایسی تمام جگہیں جو مردہ دفنانے کے لئے عوام الناس کے لئے اوپن ہیں ان کی نشاندہی اور ڈیمارکیشن کریں گے۔