حضرت علی المرتضی ؓ کا علمی مقام ومرتبہ ،ان کی قرآن فہمی ،حقیقت شناسی اور فقہی صلاحیت تمام اولین وآخرین میں ممتاز ومنفرد تھی ، سید ارشدعلی کاظمی القادری

بدھ 12 اپریل 2023 21:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اپریل2023ء) تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیرطریقت صوفی سید ارشدعلی کاظمی القادری نے کہاہے کہ حضرت علی المرتضی ؓ کا علمی مقام ومرتبہ ،ان کی قرآن فہمی ،حقیقت شناسی اور فقہی صلاحیت تمام اولین وآخرین میں ممتاز ومنفرد تھی ۔قرآن ،تفسیر ، حدیث ،فقہ اورجملہ دینی علوم کا دریا تھے ۔، اللہ تعالی نے آپ ؓ کو بے شمار فضائل وکمالات سے نوازا ہے جبکہ رسول اکرم ﷺ سے خاندانی اور نسبی تعلق، ایک عمر کی رفاقت اورروزہ مرہ کی زندگی کوقریب سے دیکھنے کی وجہ سے حضرت سیدنا علی المرتضی ؓ کو ذات نبوی کی خاص صفات و کمالات سے گہری مناسبت تھی ۔

انہوں نے کہاکہ حضرت علی المرتضی ؓ کی محبت ہمارے ایمان کا جزوہے ۔آپ ؓ داماد رسول ،فاتح خیبر اور باب العلم ہیں ۔

(جاری ہے)

اللہ تعالی نے آپ ؓ کو عقل وخرد کی بے شمار صلاحیتوں سے نوازا تھا ۔جو مسائل دیگر صحابہ کرام ؓ کے نزدیک پیچیدہ اور لاینحل سمجھے جاتے تھے ان مسائل کو آپ ؓ آسانی سے حل فرما دیتے تھے ۔حضرت علیؓ کی شخصیت اور افکار امت مسلمہ کیلئے مینارہ نور ہیں ، آپ شہر علم کا دروازہ اور علوم و معارف کا مخزن ہیںآپؓ کا عہدِ خلافت عدلِ اجتماعی کی عملی تفسیر تھا، عروج کے لیے حضرت علی المرتضی کے افکار کی ترویج اور اشاعت ضرور ی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حضرت علی کے اقوال و ارشادات نوع انسانی کیلئے مشعل راہ ہیں آپ کی اتباع نجات کا باعث ہے۔انہوں نے کہاکہ حضرت علی کی ولادت باسعادت سے پرچم اسلام کو سربلندی حاصل ہوئی آپؓ کی تعلیمات مبارکہ آج بھی پوری امت کیلئے مشعل راہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :