عام انتخابات رواں سال ہو جائیں گے ، امید ہے سیاسی جماعتوں کی باہمی مشاورت اور گفت و شنید سے مناسب ٹائم فریم طے کرلیا جائے گا ،شیخ جعفر خان مندوخیل

جمعرات 13 اپریل 2023 21:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2023ء) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ عام انتخابات رواں سال ہو جائیں گے اور امید ہے سیاسی جماعتوں کی باہمی مشاورت اور گفت و شنید سے مناسب ٹائم فریم طے کرلیا جائے گا ضروری تنظیمی امور کی انجام دہی کے بعد میاں نواز شریف پاکستان آ جائیں گے بلوچستان میں اہم شخصیات نے مسلم لیگ میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی ہے جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے جاری ہیں نواب ذوالفقار مگسی سے بھی مشاورت کی گئی ہے اور سیاسی رابطہ کاری کو مؤثر بنانے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا ہے ۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب کے نو منتخب صدر عبدالخالق رند ، جنرل سیکرٹری بنارس خان اور فنانس سیکرٹری شیخ عبدالرزاق سمیت تمام کابینہ اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ کے مرکزی رہنما سیدال خان ناصر،طارق محمود بٹ،اشرف جاوید کرد، شیخ عامر مندوخیل،عظمت،لیاقت راجپوت،نثاراحمد،صرافہ ایسوسی ایشن کے عادل داود،عظمت اوردیگر بھی موجودتھے۔

شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان مسلم لیگ کو از سر فعال کررہے ہیں دو سال پارٹی صوبائی صدر سے محروم رہی اس نقصان کے ازالے کے لئے بھرپور محنت کررہے ہیں اور پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کو یکجا کررہے ہیں بعض اہم پارلیمانی سیاسی شخصیات نے بھی پارٹی میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے بلوچستان میں ہمیشہ مخلوط حکومت بنی ہے اس لیے اس حقیقت کو مد نظر رکھ کر سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں اور رمضان المبارک کے بعد متحرک سیاسی سرگرمیوں کا آغاز ہوجائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کی معاشی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ہر سال بیس ارب ڈالر قرضوں کی مد میں واپس کرنے ہیں جب تک ہم مجموعی غیر ترقیاتی اخراجات نصف نہیں کرتے معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہوسکتی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں بلوچستان کے مخصوص سیاسی حالات سے ہم سب واقف ہیں اور ہم نے انہی حالات کو مدنظر رکھنا ہے جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے میڈیا نے روایات اور اخلاقیات کا دامن تھام کر ہمیشہ مثبت صحافتی اقدار کو فروغ دیا ہے ۔