ملک میں عام انتخابات سے پہلے ضمنی الیکشن کی آئینی مدت ختم

اب قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب نہیں ہو سکے گا،مفتی عبدالشکور کے انتقال سے خالی ہونے والی نشست پر بھی ضمنی الیکشن نہیں ہو گا

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 18 اپریل 2023 14:06

ملک میں عام انتخابات سے پہلے ضمنی الیکشن کی آئینی مدت ختم
پشاور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 18 اپریل 2023ء) ملک میں عام انتخابات سے پہلے ضمنی انتخابات کی آئینی مدت ختم ہو گئی،اب کسی بھی قومی یا صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب نہیں ہو سکے گا۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق آئین کے آرٹیکل 224 کی شق 4 کے تحت قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مدت ختم سے 120 دن پہلے اگر کسی وجہ سے نشست خالی ہوجائے تو اس پر ضمنی انتخاب نہیں ہو گا۔

آئین کے تحت 14 اپریل کے بعد خالی والی نشست پر ضمنی الیکشن نہیں ہوں گے۔ جبکہ گزشتہ دنوں جے یو آئی کے رہنما اور وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے،ان کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی این اے 51 کی نشست پر بھی ضمنی انتخاب نہیں ہو سکے گا۔ یاد رہے کہ موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 پوری ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

یہ بھی خیال رہے کہ کچھ روز قبل پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر 30 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل کر دیا تھا۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس عتیق شاہ نے خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر 30 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے شیڈول سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ وکیل درخواست گزار نے ضمنی انتخابات کا شیڈول آرٹیکل 224 کے رو سے غلط قرار دیا جبکہ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے شیڈول کو آرٹیکل 223 اور 224 کے مطابق قرار دیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ آرٹیکل 223 اور 224 غور طلب ہے جس کی بنا پر فی الحال ضمنی انتخابات کے شیڈول کو معطل کیا جاتا ہے۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ آرٹیکل 223 اور 224 کی وضاحت کے لیے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے این اے 22 مردان،این اے 24 چارسدہ اور این اے 31 پشاور پر 30 اپریل کو ضمنی انتخابات شیڈول جاری کیا تھا۔