جنوبی پنجاب میں عیدالفطر کے روح پرور اجتماعات،ملکی سلامتی اوراستحکام کے لیے دعائیں کی گئیں

ہفتہ 22 اپریل 2023 13:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2023ء) ملک بھر کی طرح ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب میں بھی عید الفطر مذہبی جوش و جذبے اورعقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی۔ضلع ملتان میں نماز عید کے 894چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ہرمسجد اور عید گاہ کے باہرپولیس کے اہلکار تعینات تھے۔ملتان میں نماز عید کاسب سے بڑا اجتماع تاریخی شاہی عیدگاہ خانیوال روڈ پر منعقد ہوا۔

صاحبزادہ مظہر سعید کاظمی نے امامت کرائی۔ اس کے علاوہ دربار حضرت بہاﺅالدین زکریا،دربارحضرت شاہ رکن عالم،دربارحضرت موسی پاک شہید،دربارحضرت شاہ شمس سبزواری، جامع مسجد لانگے خان، جامع خیرالمدارس، جامع قاسم العلوم، عید گاہ کینٹ ، جامع مسجد لال کرتی، امام بارگاہ حیدریہ مسجد، ابدالی مسجد، مسجد الخلیل، دارالحدیث محمدیہ،قدیمی مسجد ممتاز آباد، جامع مسجد بہارمدینہ شاہ رکن عالم کلونی اورجامع مسجد جلال باقری میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے دربارحضرت موسی پاک شہید،سابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے دربار حضرت بہاؤالدین زکریا،سینئر سیاست دان اور سابق وفاقی وزیر مخدوم جاوید ہاشمی اور سابق وفاقی مذہبی امور صاحبزادہ حامد سعید کاظمی نے شاہی عیدگاہ ملتان میں نماز عید اداکی جبکہ مفتی عبدالقوی خان نے جامع مسجد باغ لانگے خان میں نمازعید کی امامت کرائی۔اس موقع پر علمائے کرام نے ماہ رمضان کی برکتوں او ر عید کی خوشی کے حوالے سے اظہارخیال کیا۔اجتماعات میں عالم اسلام کی سربلندی ،کشمیر اور فلسطین کی آزادی سمیت ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔