چیف جسٹس کی سربراہی میں آٹھ رکنی لارجر بنچ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 کو کالعدم قرار دینے کے حوالے سے دائر کردہ درخواستوں کی سماعت منگل کوکرے گا

جمعہ 28 اپریل 2023 23:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2023ء) چیف جسٹس آف پاکستان نے آمدہ عدالتی ہفتے میں پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں مختلف اہم اور عام نوعیت کے مقدمات کی سماعت کیلئے 6 ریگولر جبکہ1 لارجر بینچ تشکیل دیا ہے۔عدالت عظمی کی طرف سے جاری کاز لسٹ کے مطابق سوموار یکم مئی کو لیبر ڈے کے موقع پر پرنسپل سیٹ میں کسی مقدمہ کی سماعت نہیں ہو گی۔

منگل 2 مئی کو چیف جسٹس عمر عطا ئ بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سابق سیکرٹری ورکر ویلفیئر بورڈ طارق اعوان کرپشن کیس کی سماعت کرے گا۔ منگل کو ہی چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں آٹھ رکنی لارجر بنچ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 کو کالعدم قرار دینے کے حوالے سے دائر کردہ درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

منگل کو جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ انتخابی عذرداری سے متعلق راشدہ یعقوب کی دائر کردہ اپیل کی سماعت بھی کرے گا۔

بدھ 3 مئی کو چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ ہزارہ کمیونٹی ٹارگٹ کلنگ از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔بدھ کو جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ ایرڈ زون ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بہاولپور کو غیر قانونی قرار دینے کے حوالے سے دائر درخواست، گلگت بلتستان ججز تقرری کیس سمیت اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے ملزم وائس پریزیڈنٹ ARY نیوز چینل عماد یوسف کی دائر کردہ اپیل کی سماعت کرے گا۔

جمعرات 4 مئی کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سربراہ اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر نیب درخواست ، شریعہ نظام عدل ریگولیشن 2009 کے خلاف دائر درخواست ، ڈاکٹر مہرین بلوچ کے بچوں کے اغوائ اور حوالگی سے متعلق کیس سمیت زلزلہ 2005 کے دوران ملنے والی غیر ملکی امداد کی تقسیم اور خرچ سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔

جمعرات کو جسٹس اعجاز الحسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ لیگل ایجوکیشن اور وکلائ انرولمنٹ سے متعلق انیق کھٹانہ کی دائر درخواست سمیت سردار کوڑے خان وقف اراضی مظفرگڑھ میں خرد برد پر لیے جانے والے از خود نوٹس کی سماعت کرے گا۔ جمعرات 4 مئی کو جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سندھ ٹیکنیکل ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی منیجمنٹ ڈائریکٹر تقرر کیس کی بھی سماعت کرے جبکہ اسی دن جسٹس آمین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ عسکری فور میں بلند و بالا عمارات کی تعمیر سے متعلق کیس کی بھی سماعت کرے گا۔

جمعہ 5 مئی کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ مئیر کوئیٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ ضمانت منسوخی کیس کی سماعت کرے گا۔ جمعہ کو ہی جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں دو رکنی بنچ وزیراعظم کے سپیشل معاونین کی تقرری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرے گا۔۔۔۔توصیف