قومی اسمبلی کے 3 حلقوں میں 28 مئی کو ضمنی انتخابات کا فیصلہ

سکروٹنی کمیٹی تمام سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ بارے رپورٹ 15 دن میں کمیشن کو جمع کرائے، چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت

جمعرات 11 مئی 2023 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2023ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 3 خالی حلقوں میں 28 مئی کو ضمنی انتخابات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اجلاس میں سکروٹنی کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے رپورٹ 15 دن کے اندر کمیشن کو جمع کرائی جائے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت ہونیوالے الیکشن کمیشن کے اجلاس میں 3 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سندھ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی کے خطوط اور شکایات پر بھی غورکیا گیا جبکہ 7 مئی کے ضمنی انتخابات میں حیدر آباد کی یونین کونسل 119 میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے 15 مئی کو کیس سماعت کے لیے مقرر کرلیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی کے 3 حلقوں این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب اور این اے 239 کورنگی کراچی میں 28 مئی کو ضمنی انتخاب ہوگا۔الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر، آر او، ڈی آر او، ڈی پی او سے 3 دن میں رپورٹ طلب کرلی۔امیدواران، آر او ، ڈی آر او، متعلقہ عملے اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر کو 15 مئی کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے لیے نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔