Live Updates

ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے ذمہ دار ماضی اور حال کے حکمران ہیں جنہوں نے ابھی تک ماضی سے سبق نہیں سیکھا،ڈاکٹرقادرمگسی

یہی وقت ہے کہ سیاسی جماعتیں ملک میں جمہوری نظام، قانون اور آئین کی بالادستی کے لئے اپنا کردار ادا کریں، عمران خان پر تمام الزامات ملکی قانون کے تحت عدالتوں سے ثابت ہونے چاہئیں اور عدالتیں میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کریں،چیئرمین سندھ ترقی پسندپارٹی

جمعرات 11 مئی 2023 21:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2023ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے ذمہ دار ماضی اور حال کے حکمران ہیں جنہوں نے ابھی تک ماضی سے سبق نہیں سیکھا، یہی وقت ہے کہ سیاسی جماعتیں ملک میں جمہوری نظام، قانون اور آئین کی بالادستی کے لئے اپنا کردار ادا کریں، عمران خان پر تمام الزامات ملکی قانون کے تحت عدالتوں سے ثابت ہونے چاہئیں اور عدالتیں میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کریں۔

ایک بیان میں ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ جمہوری نظام ہی اس ملک کے مفاد میں ہے، اس لئے ملک میں ایمرجنسی کی صورت میں یا کسی اور طریقے سے کوئی اور نظام لانا ملکی مفاد میں نہیں ہو گا، اس لئے وہ تمام سیاسی جماعتیں جو اپنے آپ کو ملک کی جمہوری قوتیں کہتی ہیں کوئی ایسی صورتحال یا موقع پیدا نہ کریں جس سے ملک میں غیرجمہوری صورتحال پیدا ہو، جو ملک کے لئے سود مند نہیں ہو گا، انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام کے ذریعے سیاسی مخالفین کو دبانا اور ہراساں کرنا جمہوری نظام کے خلاف ہے اور اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں ہر پانچ سے دس سال بعد جو بحران پیدا ہوتا ہے اس کی وجہ سیاسی جماعتوں سمیت غیرجمہوری رویوں اور سیاسی انتقام ہے جس کا فائدہ غیرجمہوری قوتوں کو ملتا ہے، ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ ملک کو سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لئے ضروری ہے کہ ملک میں دستور ساز اسمبلی کے انتخابات کرائے جائیں اور آئین میں اصلاحات کی جائیں جس میں تمام قومیں شامل ہوں اور ان کو مساوی حقوق دیئے جائیں۔

(جاری ہے)

درایں اثنا سندھ ترقی پسند پارٹی کی طرف سے پروفیسر اجمل ساوند کے قتل کے خلاف 14 مئی کو کراچی پریس کلب پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے کو ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر ملتوی کر دیا گیا ہے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات