بھارت خفیہ ایجنسیوں کوکشمیریوں کی جدوجہد آزاد ی کو کمزور کرنے کیلئے ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کر رہا ہے ،محمود احمد ساغر

منگل 16 مئی 2023 16:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2023ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں این آئی اے،ایس آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو کشمیریوں کی جدوجہد حریت کو کمزور کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کیلئے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں واضح کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے حریت پسند کشمیریوں کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو بغیر کسی جرم کے صرف سیاسی نظریات کی بنیاد پرجیلوں میں قید کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

محمود ساغر نے حریت رہنمائوں شوکت احمد خان اور محمد ایوب ڈار کی گزشتہ 22سال سے جاری غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جیل میں دونوں رہنماء کی صحت تیزی سے گر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کو کمزور کرنے کیلئے انتقامی پالیسی کے تحت بھارتی فورسز کشمیریوںکو جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے گرفتار اوران کے گھروں پر چھاپے ماررہی ہیں۔ ساغر نے مزید کہاکہ کشمیریوں کے خلاف جھوٹے مقدمات کااندررج مودی حکومت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے ۔انہوںنے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ کشمیری سیاسی نظربندوں کی فوری رہائی اور مقبوضہ جموں و کشمیر سے بھارتی فوجی انخلاکو یقینی بنانے اور کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوانے کیلئے بھارت پر دبا ئوڈالیں ۔