گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ایبٹ آباد میں سپورٹس گالا شروع، انٹر ڈیپارٹمنٹ سپر لیگ کا افتتاح کر دیا گیا

منگل 23 مئی 2023 21:30

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2023ء) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ایبٹ آباد میں سپورٹس گالا شروع ہو گیا، انٹر ڈیپارٹمنٹ سپر لیگ کا افتتاح کر دیا گیا۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے پرنسپل ممتاز حیدر نے آگنائزر کمیٹی کے ہمراہ سپورٹس میلہ کا افتتاح کیا، طلباءو طالبات کی جانب سے پرنسپل ممتاز حیدر نے پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج حویلیاں قاضی عبدالسبحان اور پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج غازی پروفیسر دلاور خان کا شاندار استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، نویں انٹر ڈیپارٹمنٹ سپر لیگ میں طلباءنے اپنے جوہر دکھائے، ایک دوسرے کو شکست دینے کیلئے میچز کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

منگل کو گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ایبٹ آباد میں نویں سپورٹس گالا کا افتتاح کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے پرنسپل ممتاز حیدر، پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج حویلیاں قاضی عبدالسبحان، پرنسپل غازی کالج دلاور خان، پروفیسر حاجی رشیداﷲ سمیت پروفیسر صاحبان اور طلباءو طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ طلباءو طالبات کی جانب سے پرنسپل ممتازحیدر اور ان کے ساتھ آئے ہوئے مہمانوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔

افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر رشیداﷲ نے سپورٹس گالا کے حوالہ سے شرکاءکو آگاہ کیا۔ سپورٹس گالا میں کرکٹ، فٹبال، ٹیبل ٹینس فٹ سل اور دیگر گیمز میں طلباءاپنی کارگردگی کا مظاہرہ پیش کریں گے۔ سپورٹس گالا میں طلباءنے ڈھول کی تھاپ پر ہزارہ کا روایتی کلچر رقص پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔

اس موقع پر پرنسپل ممتاز حیدر نے کہا کہ سپورٹس گالا منعقد کروانے کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ہے، میری نوکری کے دوران اور بحیثیت پرنسپل یہ سپورٹس گالا آخری ہے، میری کوشش ہے کہ اس سپورٹس گالا کو کامیاب بنا سکوں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوں وہاں ہسبتالوں کے میدان ویران ہو جاتے ہیں، آپ نے اس سپورٹس گالا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا ہے جہاں آپ کیلئے تعلیمی سرگرمیاں ضروری ہیں وہاں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی ضروری ہیں، آپ نے ساتھ ساتھ اپنی پڑھائی پر بھی بھرپور توجہ دینی ہے تاکہ آپ ہر میدان میں کامیاب ہو سکیں۔

انہوں نے دوران خطاب اپنے کالج ہذا کی ترقی کے حوالہ سے بھی شرکاءکو تفصیلی آگاہ کیا جس پر شرکاءنے پرنسپل ممتاز حیدر کی کاوشوں کو سہرا کر انہیں خوب داد دی۔