ملتان شہر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش،تیز آندھی اور ژالہ باری سے نظام زندگی درہم برہم

اتوار 28 مئی 2023 19:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2023ء) ملتان شہر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش،تیز آندھی اور ژالہ باری سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے شہری گھروں میں رہنے پر مجبور ہوگئے،تاہم بارش اور ماحول میں خوشگواری کیوجہ سے شہریوں نے شدید گرمی میں راحت کا سانس لیا۔اتوار کو یہاں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہو چکا ہےجس کی وجہ سے اتوار کی شام آسمان پر بادل چھا گئے اور موسلا دھار بارش ہوئی،اتوار کو ملتان میں تیز ہوائوں کیساتھ22.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے پورے خطے میں بارش کا یہ سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد ظفر نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تیز ہوائیں آم کے باغات کے لیے سازگار نہیں جبکہ ژالہ باری بھی آم سمیت دیگر تمام فصلوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہلکی بارش کے کپاس کی فصل پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ زیادہ بارش اس کیلئے مناسب نہیں کیونکہ بارش کا پانی کپاس کی فصل میں کھڑا ہونا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کپاس کے کاشتکاروں پر زور دیا کہ بارش کے بعد فصل کا معائنہ ضرور کریں کیونکہ بارشوں کیوجہ سے سبز تیلہ کپاس کی فصل پرحملہ آور ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کاشتکارکسی بھی پریشانی کی صورت میں زرعی حکام سے مشورہ ضرور کریں۔