گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے مولانا بشیر فاروقی کی وفد کے ہمراہ ملاقات

ٹرسٹ کے زیر انتظام مختلف منصوبوں ، آئی ٹی کورسز کے نصاب کی تیاری اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال

پیر 29 مئی 2023 20:30

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے مولانا بشیر فاروقی کی وفد کے ہمراہ ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2023ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ مولانابشیر فاروقی نے وفد کے ہمراہ گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں ٹرسٹ کے زیر انتظام مختلف منصوبوں ، نوجوانوں کے لئے آئی ٹی کورسز کے نصاب کی تیاری اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ گورنرز اینی شیٹیو کے تحت نوجوانوں کو آئی ٹی تعلیم کے منصوبے میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی ۔

اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ 50ہزار نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم کریں گے اس ضمن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کورسز کے ضمن میں تیاریاں حوصلہ افزا ہیں ،انشااللہ سیلانی کے تعاون سے اس منصوبہ کے جلد آغاز میں مدد مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کو آئی ٹی کا مرکز بنانا میرا مشن ہے اس ضمن میںآرٹیفیشل انٹیلی جنس ، میٹاورس اور ویب تھری کے کورسز انتہائی اہم ثابت ہوں گے،آئی ٹی تربیت کے بعد نوجوان ماہانہ تین سے پانچ لاکھ روپے کما نے کے قابل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کورسز کے لئے جلد گورنرہائوس میں ٹیسٹ لئے جائیں گے اور کامیاب نوجوانوں کو آئی ٹی کی مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ وفد کے اراکین میں آئی ٹی ایکسپرٹس سرضیاء ،دانیال ناگوری ، اور سیلانی ٹرسٹ کے عہدیدارافضل چماڈیا اور ایم غزال شامل تھے۔