Live Updates

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے علامہ محتشم الہی ظہیر اور محمد علی یزدانی کی ملاقات

پیر 29 مئی 2023 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2023ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں چیئرمین سیاسی امور مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ محتشم الہی ظہیر اور ناظم سیاسی امور محمد علی یزدانی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تعلیم اور موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 28 مئی کو عالمی دبائو کے باوجود چاغی میں ایٹمی دھماکے کر کے ملک کی سلامتی اور دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز اور افواج پاکستان کے شہدا ہمارا فخر اور ان کی یادگاریں قومی اثاثہ ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے ادوار میں ملک ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن تھا جبکہ مہنگائی کی شرح کم اور جی ڈی پی بلند شرح سے بڑھ رہی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں ملک میں تعلیمی ادارے، ہسپتال اور موٹر ویز کا جال بچھادیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا سرمایہ ہے انہیں درسگاہوں میں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم سے روشناس کرانا اور ان کی کردار سازی پر زور دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی درسگاہیں ایسے نوجوان پیدا کریں جو علامہ اقبال کے افکار کے مطابق جرات مند اور اعلی اخلاق کے حامل ہوں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انشا اللہ بہت جلد تمام بحرانوں پر قابو پالیا جائے گا۔اس موقع پرچیئرمین سیاسی امور مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ محتشم الہی ظہیر نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث پاکستان پی ٹی آئی کی ملک دشمن سرگرمیوں کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ ناظم سیاسی امور محمد علی یزدانی نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی اور آرمی تنصیبات پر حملے کرنے والوں اور منصوبہ بندی کرنے والے افراد کو سخت سزا دی جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات