متنازع ٹویٹ کیس میں سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر

منگل 30 مئی 2023 14:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2023ء) سپیشل جج سنٹرل محمد اعظم خان نے متنازع ٹویٹ کیس میں سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کردی۔منگل کو عدالت نے اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹویٹ کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے اعظم سواتی کی عدم حاضری پر فرد جرم کی کارروائی موخر کردی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ وارنٹ کی تعمیل کی کارروائی کی گئی ہے لیکن وارنٹ کی تعمیل کے وقت اعظم سواتی اپنے گھر میں موجود نہیں تھے۔اعظم سواتی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرا اعظم سواتی سے رابطہ نہیں ہو سکا، تفتیشی افسر وارنٹ کی تعمیل کےلیے کہاں گئے،کیسے تعمیل کروائی؟بعد ازاں سپیشل جج سینٹرل اعظم خان نے وارنٹ کی تعمیل کروانے والے اہلکار کو طلب کرلیا۔