اردنی ولی عہد کی سعودی منگیتر سے شادی‘ بلاول بھی شریک ہوں گے

وزیر خارجہ اردن کے ولی عہد الحسین بن عبد اللہ دوئم اور رجوا خالد السیف کی شادی میں شرکت کے لیے اردن روانہ ہوگئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 جون 2023 10:49

اردنی ولی عہد کی سعودی منگیتر سے شادی‘ بلاول بھی شریک ہوں گے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جون 2023ء ) اردن کے ولی عہد کی سعودی منگیتر رجوہ السیف سے شادی میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اردن کے ولی عہد الحسین بن عبد اللہ دوئم اور سعودی شہری رجوا خالد السیف کی شادی میں شرکت کے لیے اردن روانہ ہوگئے، اس ضمن میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اردن اور عراق کے لیے روانہ ہو رہے ہیں، اس دورہ کے پہلے مرحلے میں وزیر خارجہ شاہی شادی میں شرکت کے لیے اردن جائیں گے، بلاول بھٹو زرداری اس کے بعد 5 اور 6 جون کو عراق جائیں گے جہاں وہ عراقی سربراہان اور ہم منصب سے تفصیلی ملاقات کریں گے، اس دورہ میں اہم معاہدات پر دستخط کیے جائیں گے۔

بتاتے چلیں کہ اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبد اللہ الثانی کی سعودی خاتون رجوا خالد السیف کے ساتھ شادی کی تقریبات شروع ہوگئی ہیں، یکم جون کو زہران محل میں جوڑے کا نکاح ہوگا، شاہ عبداللہ الثانی اس موقع پر الہاشمی ایوان شاہی میں عشائیہ دیں گے جس میں ہزاروں مہمان شریک ہوں گے، عشائیہ کے دوران اردن کے روایتی گیت گائے جائیں گے، جن کے ذریعے اردن کے رنگا رنگ ثقافتی ورثے کا اظہار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)


معلوم ہوا ہے کہ زہران محل سے شاہی جوڑے کا کارواں سرخ جلوس کے ساتھ الحسینیہ محل کا رخ کرے گا، اس دوران شاہی جوڑے کا یہ کارواں دارالحکومت عمان کی متعدد سڑکوں سے گزرے گا جنہیں قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے، اس موقع پر حاضرین کی جانب سے مختلف طور طریقوں سے خوشی کا اظہار کیا جائے گا، ملکہ اردن رانیہ عبداللہ شاہی خاندان کے الحسینیہ محل میں استقبالیہ دیں گی، اس کے بعد باقاعدہ عشائیے کا اہتمام کیا جائے گا۔


بتایا گیا ہے کہ اردن کے شاہی جوڑے کی شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے مہمان دارالحکومت عمان پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، شادی کی تقریب میں برادر اسلامی اور دیگر دوست ممالک کے سربراہان، ولی عہد اور ممتاز شخصیات شریک ہوں گی جب کہ اردن کے ولی عہد کی شادی کی تقریب میں ملکی، علاقائی و بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے خصوصی دلچسپی ظاہر کی جارہی ہے یہی وجہ ہے کہ متعدد ٹی وی چینلز پر شادی کی تقریبات کے پروگرام اسپیشل نشریات میں براہ راست دکھائے جائیں گے۔