یو اے ای نے کمپنیوں پر کارپوریٹ ٹیکس لگانا شروع کردیا

مستحکم معیشت کے ساتھ کاروبار کیلئے یو اے ای کی کشش کو برقرار رکھا جائیگا،اماراتی محکمہ خزانہ

جمعہ 2 جون 2023 14:43

یو اے ای نے کمپنیوں پر کارپوریٹ ٹیکس لگانا شروع کردیا
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2023ء) متحدہ عرب امارات (یو اے ای)نے اپنی معیشت کے استحکام کیلئے کمپنیوں پر نو فیصد کارپوریٹ ٹیکس عائد کرنا شروع کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے محکمہ خزانہ کا کہنا تھا کہ نئے قوانین ٹیکس فری زون میں شامل، اربوں ڈالرز کے اشیا پڑوسی ممالک کو درآمد کرنے والے، 30 سے زائد شعبوں پر لاگو نہیں ہوں گے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق کارپوریٹ ٹیکس کے قوانین آج سے لاگو ہو جائیں گے۔اماراتی محکمہ خزانہ میں ٹیکس پالیسی کی سربراہ شبانہ بیگم نے میڈیا کو بتایا کہ نئے قوانین سے امکان ہے کہ کچھ کاروبار یہاں سے منتقل ہو جائیں تاہم ہمارا مقصد یہ ہے کہ مستحکم معیشت کے ساتھ کاروبار کیلئے یو اے ای کی کشش کو برقرار رکھا جائے۔

(جاری ہے)

حکومت کا کہنا تھا کہ ٹیکس قوانین میں تبدیلی ٹیکس چوری جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی کوششوں کی تناظر میں کی گئی ہے، ٹیکس اصلاحات آہستہ آہستہ گلف کوآپریشن کونسل (جی سی سی)کے تمام رکن ممالک کے اندر ہوں گی، 2017 میں تمام ممالک نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس متعارف کروانے پر اتفاق کیا تھا۔

ماہرین کا کہنا تھاکہ ٹیکس سے ہونے والی آمدنی یو اے ای کی معیشت کو تیل پر انحصار سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوگی تاہم اس کے کیا نتائج برآمد ہوں گے، اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔واضح رہے کہ یو اے ای میں قابل ٹیکس آمدنی کم از کم 3 لاکھ 75 ہزار درہم (کم و بیش ایک لاکھ ڈالرز)پر نو فیصد ٹیکس ریٹ جی سی سی میں سب سے کم ہے جبکہ بحرین کی جانب سے تاحال کوئی ٹیکس لاگو نہیں کیا گیا ہے۔دوسری جانب غیر ملکی مالکان کی کمپنیوں پر سعودی عرب میں 20 فیصد، قطر میں 10 فیصد، کویت 15 فیصد جبکہ عمان میں 15 فیصد ٹیکس عائد ہے۔