آرڈی اے نے اصغر مال سکیم راولپنڈی میں زیر تعمیر کمرشل عمارت کو مسمار کر دیا

ہفتہ 3 جون 2023 19:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2023ء) انفورسمنٹ سکواڈ آر ڈی اے نے اصغر مال سکیم راولپنڈی میں اللہ والی مسجد کے سامنے پراپرٹی P-1566 پر غیر قانونی و غیر مجاز رہائشی کمرشل بلڈنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوے کمرشل عمارت کو مسمار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

آرڈی اے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر انفورسمنٹ سکواڈ آر ڈی اے بشمول ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول، انچارج واسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول، بلڈنگ انسپکٹرز اور دیگر نے متعلقہ تھانے کی پولیس کے تعاون سے غیر قانونی عمارت کے خلاف آپریشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ مسمار کی گئی جائیداد کے مالک ڈاکٹر عبدالحق بغیر منظوری اور نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی)، پلانز، نقشوں کے بغیر غیر قانونی طور پر کمرشل عمارت تعمیر کر رہے تھے اور پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2020 کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے نے ایل یو اینڈ بی سی ونگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تجاوزات، غیر قانونی اور غیر مجاز تعمیرات اور کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بلا خوف و خطر سخت کارروائی جاری رکھیں۔