Live Updates

9 مئی کے واقعات میں ملوث گرفتار خواتین کے ساتھ ہراسگی کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں ،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

اتوار 4 جون 2023 15:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2023ء) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے عمران خان اور ان کے حواریوں کے حوالے سے 9 مئی کے واقعات میں ملوث گرفتار خواتین کے ساتھ ہراسگی کے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی قیادت اقتدار کی خاطر اس قدر گر سکتی ہے اس کااندازہ نہیں تھا۔ اپنی سیاست بچانے کی خاطر خواتین کو استعمال کرنا نہایت ہی گری ہوئی حرکت ہے ۔

انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے خواتین کی تذلیل اور انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے پولیس اور جیل حکام پر لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام الزامات بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہیں ۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہمارا معاشرہ اس قسم کی باتوں کا متحمل نہیں ہو سکتاجس طرح بچے کھچے پی ٹی آئی والے کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کی گرفتار خواتین نے بھی پولیس یا جیل حکام کی جانب سے ہراسگی کی باتوں کی تردید کی ہے جس کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے اعلیٰ اداروں پر لگائے گئے اس نئے الزام اور بیانیہ کی حقیقت قوم کے سامنے آ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کا تقدس ہمارے معاشرے کا حصہ ہے چاہے وہ مجرم بھی ہوں ان کا احترام و تقدس سب پر لازم و ملزوم سمجھا جاتا ہے اور اس پر عمل بھی کیا جاتا ہے ۔

پی ٹی کی جانب سے اس قسم کے منفی اور بے سروپا الزامات ہیومن رائٹس کے حوالے سے دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش تھی جو پاکستانی قوم کے مثبت اور مضبوط قومی رویے سے بری طرح ناکام ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ لوگ پی ٹی آئی سے متنفر ہوتے جارہے ہیں کیونکہ سیاست ایک عبادت کا درجہ رکھتی ہے لیکن جس قسم کی سیاست پی ٹی آئی والے کر رہے ہیں وہ سیاست سے زیادہ ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کی منظم سازش لگتی ہے ۔

سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ملک میں جس طرح کے حالات پیدا کر دیئے گئے ہیں ان کا ذمہ دار عمران خان اور پی ٹی آئی ہے جنہوں نے اعلیٰ ملکی اداروں اور فوج کے خلاف معصوم ذہنوں میں مسلسل زہر بھرا اور جس کا نتیجہ 9 مئی کے واقعات کی صورت میں سامنے آیا۔ محب وطن پاکستانیوں نے کھل کر پی ٹی آئی کے اس اقدام کی مذمت کی اور پی ٹی آئی کے لوگوں کی پارٹی چھوڑنے کی وجہ بھی یہی تھی کہ ایک شخص صرف اپنی ذات تک سوچ رکھتا ہے ۔

اسے ملک و قوم یا پارٹی ورکروں سے کوئی سروکار نہیں ۔یہ مفاد پرست شخص اپنی ہی کہی ہوئی باتوں سے مکر جانا ہے ۔حد تو یہ ہے کہ اس فتنہ خان نے گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی ورکروں کو اپنا ورکر ماننے سے بھی انکار کر دیا ۔اس کے بعد معصوم ورکروں کوسمجھ آ جانی چاہئے کہ یہ شخص صرف اپنی ذات میں قید ہے اور پی ٹی آئی ورکرز ہوش کے ناخن لیتے ہوئے صحیح سمت کا تعین کریں ۔

سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ عمران خان صرف اقتدار چاہتا ہے اور اس کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے حتیٰ کہ ملک کو انتشار اور افراتفری کا بھی شکار کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد قوم نے اپنے مضبوط قومی رویے سے یہ ثابت کر دیاکہ پوری پاکستانی قوم ملک کے خلاف پروپیگنڈے اور سازش کرنے والوں کوبھرپور انداز میں یکسر مسترد کرتی ہے اور ان کی بیخ کنی کے لئے اپنی بہادر فوج اور سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات