غ*امریکا کے ساتھ تصادم ناقابل برداشت تباہی ہوگا، ہم مذاکرات کے خواہاں ہیں، چین

اتوار 4 جون 2023 18:05

O سنگاپور سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2023ء) چین کے وزیر دفاع لی شانگفو نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ تنازع ایک ’ناقابل برداشت تباہی‘ ہو گا لیکن ان کا ملک تصادم کے بجائے بات چیت کا خواہاں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سنگاپور میں منعقد ایشیا کے اعلیٰ سیکورٹی اجلاس ’’ شنگریلا ڈائیلاگ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے شانگفو لی نے کہا کہ دنیا اتنی بڑی ہے کہ چین اور امریکا دونوں ایک ساتھ ترقی کرسکیں، یہ ریمارکس اس وقت دیے جب انہوں نے اپنے امریکی ہم منصب سے براہ راست بات چیت کے لیے ملنے سے انکار کر دیا۔

مارچ میں چین کا وزیر برائے قومی دفاع نامزد ہونے کے بعد اپنے پہلے اہم بین الاقوامی خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’چین اور امریکا کے نظام مختلف ہیں اور دونوں بہت سے دوسرے طریقوں سے بھی مختلف ہیں‘۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا تاہم اس سے دونوں فریقوں کو دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے اور تعاون کو گہرا کرنے کے لیے مشترکہ بنیادوں اور مشترکہ مفادات کی تلاش سے رکنا نہیں چاہیے’۔

چینی وزیر دفاع نے کہا کہ ’یہ ناقابل تردید ہے کہ چین اور امریکا کے درمیان شدید تنازع یا تصادم دنیا کے لیے ناقابل برداشت تباہی ہو گا۔‘ شانگفو لی نے کہا کہ چین امریکا اور اس کے اتحادیوں کو اس طرح کی آزادی سے گشت کی اجازت نہیں دے گا کہ وہ ’نیوی گیشن کی بالادستی کو استعمال کرنے کا ایک بہانہ‘ ہو۔ قبل ازیں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے سربراہی اجلاس میں ایک تقریر میں چین کی فوجی مذاکرات سے انکار کرنے پر سرزنش کی، جس کے باعث سپر پاور اپنے اختلافات پر تعطل کا شکار رہے۔

لائیڈ آسٹن نے کہا کہ مکالمہ ’انعام نہیں بلکہ ایک ضرورت ہے‘۔چینی وزیر دفاع نے اپنی خطاب میں خاصی احتیاط سے بات کی اور یہ کہتے ہوئے امریکا کا ذکر کیا کہ ’کچھ ممالک ہتھیاروں کی دوڑ کو تیز اور جان بوجھ کر دوسروں کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہے ہیں‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سرد جنگ کی ذہنیت دوبارہ سر اٹھا رہی ہے جس سے سیکیورٹی خطرات شدید بڑھ رہے ہیں، باہمی احترام کو دھونس اور تسلط پر غالب آنا چاہیے۔