پاکستان میں ذی الحج کے چاند کی رویت سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کر دی

ذی الحج کے چاند کی پیدائش 18 جون کو 9 بج کر37 منٹ پر ہوگی، ذی الحج کا چاند 19 جون کو نظر آنے کا قوی امکان، عید الاضحیٰ ممکنہ طور پر 29 جون بروز جمعرات کو ہوسکتی ہے

muhammad ali محمد علی پیر 5 جون 2023 20:03

پاکستان میں ذی الحج کے چاند کی رویت سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون 2023ء) پاکستان میں ذی الحج کے چاند کی رویت سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ماہ ذی القعدہ کی 16 تاریخ ہو جانے کے بعد اب حج بیت اللہ اور عید الاضحٰی کی آمد میں ایک ماہ سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے۔ یوں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں نے عید قربان کی تیاریاں شروع کر دیں، جبکہ عید الاضحٰی کی ممکنہ تاریخ بتا دی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ذی الحج کے چاند کی پیدائش 18 جون کو 9 بج کر37 منٹ پر ہوگی۔ اس دوران جزوی بادل بھی ہوسکتے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آبزرویٹری سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر ذی الحج کا چاند 19 جون کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ اس روز ذی الحج کی 29 تاریخ ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ذی الحج کا چاند 19 تاریخ کو نظر آنے کی صورت میں عید الاضحیٰ ممکنہ طور پر 29 جون بروز جمعرات کو ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہر اسلامی مہینے کی 29 ویں تاریخ کو طلب کیا جاتا ہے اور چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرتی ہے۔ دوسری جانب مصر میں قومی ادارہ برائے فلکیاتی تحقیق کے تیارکردہ فلکیاتی کیلنڈر میں بھی ماہ ذی الحجہ کے چاند کی پیدائش کی متوقع تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔ماہرین فلکیات کے مطابق ذی الحجہ کے چاند کی پیدائش اتوار 29 ذی القعدہ 1444 بمطابق 18 جون 2023 کو کنجکشن کے فوراً بعد مکہ اور قاہرہ کے وقت کے مطابق ٹھیک 6 بج کر 38 منٹ پر ہو گی۔

نیا چاند مکہ مکرمہ کے آسمان پر 29 منٹ تک اور قاہرہ میں اس دن غروب آفتاب کے بعد 36 منٹ تک رہے گا۔جہاں تک عرب اور اسلامی دارالحکومتوں، شہروں کا تعلق ہے تو نیا چاند اس دن غروب آفتاب کے بعد سات سے 44 منٹ کے درمیان رہے گا۔ اس حساب سے ماہ ذوالحجہ 1444 ہجری کا آغاز سوموار 19, 2023 عیسوی کو ہوگا۔اس سال یوم عرفات 27 جون 2023 بروز منگل کو اور عید الاضحی 28 جون 2023 بروز بدھ کو ہوگی۔

واضح رہے کہ حج بیت اللہ 9 ذی الحج جبکہ عید الاضحٰی 10 ذی الحج کو منائی جاتی ہے۔ عید الاضحٰی کا موقع پر دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان قربانی کا فریضہ ادا کرتے ہیں۔ جبکہ یہاں یاد رہے کہ ماہ شوال کا اختتام 30 ایام کے بعد اتوار 21 مئی کو ہوا تھا، جبکہ یکم ذی القعدہ 22 مئی بروز پیر کو ہوئی۔ 20 مئی کو ملک میں کہیں بھی ماہ ذی القعدہ کا چاند نظر نہیں آیا تھا۔