چینی ماہرین کی زیر نگرانی تکمیل کے لئے کرم تنگی ڈیم منصوبہ سی پیک میں شامل کیا جائے ، سیف اللہ خان

پیر 5 جون 2023 20:30

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2023ء) سابق رکن قومی اسمبلی ہمایوں سیف اللہ خان نے فاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ کرم تنگی ڈیم منصوبے کو سی پیک میں شامل کیا جائے تاکہ چینی ماہرین کی زیر نگرانی اسے جلد مکمل کیا جا سکے۔ وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز کے نام ایک مراسلے میں انہوں نے کرم تنگی ڈیم کی منظوری اور ڈیم منصوبے پر اب تک ہونے والے کام کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی اہمیت کے حامل اس منصوبے کو سی پیک میں شامل کیا جائے یہ انتہائی مستحسن اقدام ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں مائننگ کے حوالے سے پہلے سے موجود چینی ماہرین کی خدمات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے اور وہ علاقے سے واقفیت رکھتے ہوئے ڈیم کے فیز ٹو پر کام بھی کرسکتے ہیں کیونکہ ان ماہرین کے پاس اپنے ملک میں ہزاروں بڑے ڈیمز بنانے کا وسیع تجربہ موجود ہے ۔ ہمایون سیف اللہ خان نے کہا کہ سی پیک کا حصہ بنانے سے کرم تنگی ڈیم کی تکمیل جلد ممکن ہوگی جس سے شمالی وزیرستان، بنوں، لکی مروت، کرک اضلاع اور قبائلی سب ڈویژن بھٹنی کے لاکھوں عوام کی تقدیر بدل جائیگی اور یہاں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔