گوجرانوالہ تا واہنڈو موٹر وے انٹرچینج گوجرانوالہ کیلئے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا، صوبائی سیکرٹری ورکس

منگل 6 جون 2023 18:57

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2023ء) صوبائی سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز لیفٹیننٹ(ر) سہیل اشرف نے گوجرانوالہ تا واہنڈو موٹر وے انٹرچینج کی تعمیر پر کام شروع کروادیا۔ سیالکوٹ لاہور موٹر وے سے گوجرانوالہ کو بے نظیر روڈ سے 2 رویہ موٹروے لنک کے ذریعے جوڑا جائے گا جس پر 11 ارب روپے لاگت آئے گی، لمبائی 15.2 کلو میٹر ہے۔ تفصیلات کے مطابق موٹر وے لنک منصوبے کی پیش رفت بارے بے نظیر روڈ کیمپ دفتر میں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف نے کی، اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل، ایف ڈبلیو او، ہائی ویز، ریونیو افسران سمیت دیگر شریک تھے۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ مذکورہ منصوبہ گوجرانوالہ کے شہریوں کے لیے ایک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا جس سے نہ صرف معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ انڈسٹریز کو بھرپور فروغ ملے گا،اس ترقیاتی منصوبے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ محکموں اور افسران کو کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور نگران وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات ہیں کہ منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے، اس موقع پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے، تجاوزات ختم کروائیں، جہاں اراضی حاصل کرنے کی ضرورت ہے اس منصوبہ کے نقشہ کے مطابق کم سے کم شہریوں کو متاثر کئے بغیر مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ موٹر وے لنک پہلا منصوبہ ہے جس کے ساتھ ملحقہ آبادی کی سہولت کیلئے سروس روڈز بھی تعمیر کی جائے گی جس سے ملحقہ علاقوں کو آمد و رفت کی سہولت میسر آئے گی۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل،اسسٹنٹ کمشنرز (صدر میاں توصیف حسن،کامونکی خرم مختار بھنگو)، تحصیلداران، ایف ڈبلیو او افسران، محکمہ ہائی ویزاور دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2 رویہ 15.2 کلومیٹر لنک کی ممکنہ لاگت11 ارب روپے ہے، 15.2کلو میٹر 2 رویہ روڈ کو جی ٹی روڈ سے براستہ بے نظیر روڈ منسلک کیا جائے گا۔اس سلسلہ میں جو زمین درکار ہے اس کے حصول کے لیے اسسٹنٹ کمشنر صدر میاں توصیف حسن اور کامونکی خرم مختار بھنگو کو ریونیو فیلڈ افسران کے ساتھ مل کر نشاندہی اور ایکوزیشن کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ جن محکموں سے این او سی درکار ہیں ان سے فوری کوارڈینیشن کی جائے تاکہ منصوبہ تاخیر کا شکار نہ ہو۔